انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے آئی الیون کچی آبادی کے خلاف آپریشن کے دوران مزاحمت پر گرفتار62 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم ، چار افراد کانام مقدمہ سے خارج

پیر 3 اگست 2015 22:57

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے آئی الیون کچی آبادی کے خلاف آپریشن کے دوران مزاحمت پر گرفتار کئے گئے چار افراد کو مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا ہے جبکہ 62 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سہیل اکرام نے پیر کو سیکٹر آئی الیون کی کچی آبادی کے خاتمہ کے لئے آپریشن کے دوران مزاحمت اورپولیس پر حملہ کے الزام میں گرفتار 66 افراد کے خلاف مقدمہ کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

تھانہ سبزی منڈی پولیس نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پورا ہونے پر ملزمان کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزمان سے پوچھ گچھ مکمل کر لی گئی ہے ، 15 افراد تفتیش میں بے گناہ پائے گئے ہیں انہیں بری کر کے 51 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوا دیا جائے۔ تاہم عدالت نے 75 سالہ بزرگ سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے دیگر ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم جاری کر دیا۔ جن ملزمان کو مقدمے سے ڈسچارج کیا گیا ہے ان میں 75 سالہ حضرت ولی ، عبدالعظیم ، نواز اور سبط الحسن شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :