بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بین الاقوامی دہشت گرد ہے ،جوپاکستان کاتاثر خراب کرنے کی کوشش میں ہیں ،ان کی ہرسازش کوناکام بنایاجائے گا،ضرب عضب آپریشن کامیابی کے مراحل طے کررہاہے

پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد کا بیان

پیر 3 اگست 2015 22:39

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء ) پنجاب کے پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بین الاقوامی دہشت گرد ہے ،جوپاکستان کاتاثر خراب کرنے کی کوشش میں ہیں ،ان کی ہرسازش کوناکام بنایاجائے گا،ضرب عضب آپریشن کامیابی کے مراحل طے کررہاہے ،اعلی قیادت کے ویژن کومدنظررکھتے ہوئے دہشت گرد ی کی فضامیں عوام کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے اوراپنے چاروں صوبوں کی ثقافت کواجاگر کرنے کی غرض سے نواز شریف پارک راولپنڈی میں(آج)بروز منگل شام چار بجے سے " سوہنا پنجاب فیسٹیول" سال برائے 2015کا آغاز کاکیاجائے گا،جو تیس اگست تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

وہ پیر کے روز راولپنڈی آرٹس کونسل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ،جب کہ اس موقع پران کے ہمراہ رکن پنجاب اسمبلی طارق محمود باجوہ, چیف ایگزیکٹو میڈیا انٹرٹیمنٹ نیٹ ورک ساجد بھٹی , پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما یاسر بٹ , راولپنڈی آرٹس کونسل کے ریزیڈنٹ ڈائریکٹر وقار احمد اور چوہدری ناظر حسین بھی موجود تھے ،صحافیوں کومخاطب کرتے ہوئے رانا محمد ارشد کاکہناتھاکہ پنجاب میں ڈویژن کی سطح پر سوہنا پنجاب فیسٹیول منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد پنجاب کی ثقافتی اقدارکو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ علاقائی فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور شہریوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے ․، جہاں موجود حکومت ملک میں معاشی انقلاب اور عوام کی زندگی میں خوشحالی لانے دن رات کوشاں ہے وہاں افواج پاکستان ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ اور ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے کے لیئے لازوال قربانیاں پیش کر رہی ہے جنہیں اہل وطن انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ماہ آزادی پاکستان کے موقع پر شہریوں کو تفریحی و ثقافتی سرگرمیوں کے بھی بھرپور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، سوہنا پنجاب فیسٹیول میں داخلہ مفت ہو گا انٹری فیس اور نہ ہی پارکنگ فیس وصول کی جائے گی، حکومت پنجاب, وفاقی حکومت یا کسی بھی دیگر ادارے کی طرف سے بھی فیسٹیول کے لیئے کسی قسم کے کوئی فنڈز جاری نہیں کیے گئے،میڈیاانٹرٹینمنٹ نیٹ ورک کے تعاون سے اس ثقافتی میلے کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں دوسرے صوبو ں کے فنکاروں اور آرٹسٹوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے ․ رانا محمد ارشد نے اس موقع پر کہا کہ فنکار ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی فنکارانہ صلاحیتوں کو ہر سطح پر متعارف کرانے کے لیئے اس نوعیت کی سرگرمیاں نہائیت اہمیت کی حامل ہیں جن سے فنکاروں , ہنر مندوں اور دستکاروں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ان کے فنون اور ہنر کے بارے میں آگاہی بھی ہوتی ہے، ڈویژن کے بعد سوہنا پنجاب ؂فیسٹیول اضلاع کے سطح پر بھی منعقد ہوگا․صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کام کے قابل نہ رہنے والے فنکاروں کو سالانہ 2 کروڑ روپے کے وظائف دیئے جا رہے ہیں․جس میں امسال وزیر اعلی پنجاب نے 50 لاکھ روپے کا اضافہ کیا ہے، سٹیج ڈراموں میں ذومعنی جملوں کے استعمال اور فحاشی و عریانیت کی روک تھام کے لیئے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے، کروڑوں روپے کے خرچ سے گوجرانوالہ اور سرگودہا میں آرٹس کونسل کی نئی عمارات تعمیر ہوئی ہیں اور مری آرٹس کونسل کی مرمت و تزئین جاری ہے،ماہانہ کی بنیاد پرایک سواٹھارہ فنکاروں کوبیس سے پچیس ہزار روپے کی سکالرشپ دی جاتی ہے ،جس میں رواں سال میں چھبیس فنکاروں کامزید اضافہ کیاگیاہے،اسٹیج ڈرامہ پرغیرمہذب گفتگواورحرکات وسکنات کاسختی سے نوٹس لیاجائے گا، فلم انڈسٹری کے تحفظ اور پاکستان کے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیئے حکومت کی طرف سے تمام سینما گھرو ں کے ٹیکس معاف ہیں اور سٹیج ڈراموں کے ذریعے شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیئے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے منظور شدہ سکرپٹ کی پابندی یقینی بنانے کے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں․ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات نے اس موقع پر عوامی جمہوری چین کی طرف سے 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو خوش آئیند اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور عوام پر چین کے گہرے اعتماد کا مظہر قرار دیا، حکومت پنجاب فنون لطیفہ اور ثقافتی اقدار کے فروغ کے لیئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور مشاہیر پاکستان کی خدمات کو نئی نسل تک پہنچایا جا رہا ہے۔