مری، بنکوٹل کی رابطہ سڑک کا کروڑوں روپے کافنڈ اقربا پروری کی بھینٹ چڑھ گیا

فنڈ اصل منصوبے کے بجائے ایک متبادل ٹریک پر خرچ کئے جانے پر اہل علاقہ سراپا احتجاج

پیر 3 اگست 2015 22:36

مری ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء ) تحصیل مری کی یونین کونسل دریا گلی کے دیہات بن کوٹل کی رابطہ سڑک کی مرمت و توسیع کاکروڑوں روپے کا فنڈ اقربا پروری کی بھینٹ چڑھ گیا فنڈ اصل منصوبے کے بجائے ایک متبادل ٹریک پر خرچ کئے جانے پر اہل علاقہ سراپا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل مری کی یونین کونسل دریا گلی کے دیہات بن کوٹل کی رابطہ سڑک رتی گلی تا لوئر بن براستہ کوٹلی کی مرمت اور توسیع کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے کچھ عرصہ قبل کروڑوں روپے کا فنڈ جاری کیا گیا تھا جس کے بعد محکمہ ہائی وے کی جانب سے منصوبے کاپیپرورک مکمل کرلیاگیا سڑک کا سروے کرنے کے ساتھ ساتھ ٹی ایس نمبربھی لگادیاگیا تاہم بعد ازاں ایک بااثر گروہ منصوبے پر عملدرآمد کی راہ میں حائل ہوگیا اور ایک اہم سیاسی شخصیت سے تعلق کے ذریعے محکمے پردبا ڈال کر منصوبے کانقشہ تبدیل کرالیاگیااور اب مذکورہ فنڈ اب ایک ایسے ٹریک کو پکا کرنے پر خرچ کیا جارہا ہے جو اپنے طور بنایا گیا اور اس سے صرف چند گھرانوں پرمشتمل آبادی کو فائدہ پہنچے گا جبکہ بنیادی طورپرمذکورہ فنڈ جس منصوبے پر خرچ ہونا تھا اس سے علاقے کی اسی فیصد آبادی کو فائدہ پہنچتا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں گاں کے جس حصے میں فنڈخرچ کیاجارہاہے وہاں اس سے پہلے ببنے والی رابطہ سڑک پرکچھ عرصہ قبل آٹھ کروڑ سے زائدکافنڈپہلے بھی لگ چکاہے۔ سرکاری فنڈ کے غلط استعمال پر جہاں اہل علاقہ سراپااحتجاج ہیں وہاں پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے کے دعوؤں پر بھی سوال اٹھنے لگے ہیں۔ معززین علاقہ نے صوبائی حکومت سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ محض چند لوگوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈ کے غلط استعمال کو روکے اوربنیادی طورپرجس منصوبے کے لئے فنڈکااجرا ہواتھااسی پرخرچ کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :