بلدیاتی انتخابات کے لئے کارکنان کمر کس لیں ،امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق

پیر 3 اگست 2015 21:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق خان نے کہا ہے کہ شہر کراچی میں جب بھی جماعت اسلامی کے پاس اقتدار رہا تو امن قائم رہا ۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے کارکنان کمر کس لیں ۔ہم کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے ۔ عید الفطر اﷲ تعالیٰ کی جانب سے نیکیوں کا بے حساب مہینہ کی فراہمی کی خوشی کا تہوار ہے ۔

اس دن ہم اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں اس مہینے کی برکاتے سے نوازا،ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی ایس 95 اورنگی کے تحت عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر زون پی ایس 95 مناظر الحسن انصاری ، ماسٹر امین اﷲ خان و دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ عید ملن سے خطاب کرتے ہوئے عبد الرزاق خان نے کہا کہ رمضان المبارک میں جس طرح ہم اﷲ تعالیٰ کی عبادات کے لئے تیاری کرتے ہیں اسی طرح سال کے باقی گیارہ مہینے اﷲ سے سے اپنا تعلق قائم رکھنا رمضان کا پیغام ہے ۔

(جاری ہے)

یہ وہ مہینہ جس میں قرآن کریم نازل کیا گیا ۔اسی رمضان کو پانے کی خوشی میں ہم عید الفطر مناتے ہیں ۔ انہوں نے کہا عوام کی خدمت کرنا بہترین عبادات میں سے ایک عبادت ہے ۔ بلدیاتی ادارے عوامی خدمت کا بہترین ذریعہ ہیں ، ہم بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے کر عوام کی خدمت کے ذریعے اﷲ کی رضا حاصل کریں گے ۔ تمام کارکنان بلدیاتی انتخابات کے لئے کمر کس لیں ۔

جماعت اسلامی کے پاس ہی وہ قیادت موجود ہے جو اس شہر کی تقدیر کو بدل سکتا ہے ۔ یہ بات سب کو معلوم ہے کہ جب بھی جماعت اسلامی کو اس شہر میں اقتدار ملا عوام کی بھر پور خدمت اور شہر میں امن قائم کیا ہمارا یہ عزم ہے کہ کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے ۔ اس شہر میں بھتہ خوروں ، دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کو عوام نے مسترد کردیا ہے انہوں نے کہا کہ عوام نے اگر درست فیصلہ نہ کیا تو ایک مرتبہ پھر شہر لہو لہان ہوگا جس کی تمام تر ذمہ داری عوام پر ہوگی۔