سندھ میں سیلابی صورت حال کے باعث متاثرین کی حالت انتہائی ابتر ہے، گڈو اور سکھر میں پانی کی سطح مسلسل بڑھتی جا رہی ہے،جماعۃ الدعوۃ کراچی کے مسؤل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی

پیر 3 اگست 2015 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) جماعۃ الدعوۃ کراچی کے مسؤل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ سندھ میں سیلابی صورت حال کے باعث متاثرین کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ شدید بارشوں کی وجہ سے گڈو اور سکھر میں پانی کی سطح مسلسل بڑھتی جا رہی ہے، کچے کا علاقہ مکمل زیر آب آچکا ہے۔ جماعۃ الدعوۃ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

مخیر حضرات آگے بڑھ کر متاثرین کے لیے کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ سکھر کے موقع پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعۃ الدعوۃ سندھ کے مسؤل فیصل ندیم اور کراچی کے ضلعی مسؤلین حافظ کلیم اﷲ، محمد سمیع اﷲ اور افتخار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جماعۃ الدعوۃ کی جانب سے سکھر، گڈو، دادو، نوشہروفیروز و دیگر سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں خدمات میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

ہزاروں سیلاب زدگان کوکچے کے متاثرہ علاقوں میں پکی پکائی خوراک، ادویات اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء پہنچائی جارہی ہیں۔ جبکہ جماعۃ الدعوۃ کی مزید ریسکیو ٹیمیں اور سندھ بھر سے رضا کار سکھر کے متاثرہ علاقوں میں روانہ ہوچکے ہیں۔ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا ہے کہ جماعۃ الدعوۃ نے اس سے قبل بھی کشمور سے ٹھٹھہ تک سیلاب متاثرین کی پھرپور مدد کی ہے۔

حالیہ تباہ کن سیلاب کے موقع پر بھی ریسکیو آپریشن سے لے کر راشن کی تقسیم اور طبی امداد تک جماعۃ الدعوۃ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکھر میں دریائے سندھ سے ملحقہ کچے کا علاقہ مکمل زیر آب آچکا ہے۔ اگرچہ علاقہ کچے کا ہے لیکن یہاں مکانات کچے نہیں ہے۔ سیلابی ریلوں سے متاثرین کے گھر اور زمینیں تباہ ہوچکی ہیں۔ کچے میں سیلابی صورت حال کو معمول ہرگز نہ کہا جائے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ جماعۃ الدعوۃ کراچی کی سطح پر بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بھرپور امداد جمع کرے گی۔ ہر فرد متاثرین کے درد کو اپنا درد سمجھتے ہوئے ان کے لیے کردار ادا کرے۔ جماعۃ الدعوۃ متاثرین کی مکمل بحالی تک اپنی رفاہی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

متعلقہ عنوان :