وزیر ریلوے کی زیرصدارت انسدادِ ڈینگی مہم کے لیے خصوصی اجلاس، انسدادِ ڈینگی مہم کو تیز تر کرنے کا فیصلہ

پیر 3 اگست 2015 21:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء ) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں انسدادِ ڈینگی مہم کو تیز تر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سوموار کی دوپہر ریلوے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں سی ای او پاکستان ریلویز محمد جاوید انور، جنرل منیجر ویلفیئر غضنفر عباس، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد زاہد، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس، ڈی جی ایجوکیشن، ریلوے ہسپتالوں کے سپرنٹنڈنٹس اور سینئر ڈاکٹروں نے شرکت کی۔

وزیرریلوے نے انسدادِ ڈینگی مہم کو مشنری جذبے کے ساتھ آگے بڑھانے پر زور دیتے ہوئے ریلوے اسٹیشنوں، رہائشی کالونیوں ، تعلیمی اِداروں ، ورکشاپوں اور دفاتر میں صفائی کے خصوصی اہتمام کی ہدایت کی۔ انسدادِ ڈینگی مہم کی نگرانی چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور اور جنرل منیجر ویلفیئر غضنفر عباس کریں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ ٔ صحت پاکستان ریلویز نے بتایا کہ حسبِ ضرورت سپرے بھی کیا جارہا ہے۔

اجلاس میں ڈینگی کے خلاف خصوصی آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ دریں اثناریلوے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک اور اجلاس میں ریلوے حادثات کی صورت میں انجمن ہلال احمر پاکستان کی طرف سے طبّی خدمات کی فراہمی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت اجلاس میں انجمن ہلال احمر کے چیئرمین ڈاکٹر سعیداِلٰہی نے حادثات اور ناگہانی صورتِ حال میں انجمن ہلال احمر کی خدمات پر بریفنگ دی۔

ریلوے حادثات میں انجمن کی خدمات کی تفصیلات طے کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیاگیا۔ اس موقع پر جو تجاویز پیش کی گئیں ان میں مسافر اور مال گاڑیوں، ریلوے سٹیشنوں اور ورکشاپس سمیت ریلوے مزدوروں کے کام کرنے کی جگہوں میں طبّی امداد کی سہولتوں کو بہتر بنانا،ہر ریل گاڑی میں تین سے چار فرسٹ ایڈ بکسوں اور آگ پر قابو پانے والے جدید آلات کی فراہمی شامل ہے۔ ہلال احمر کی طرف سے ریلوے اسٹاف کوخصوصی تربیت دینے کی پیشکش بھی کی گئی۔ اجلاس میں انجمن ہلال احمر کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر اور ڈائریکٹر آپریشنز بریگیڈیئر جی ایم اعوان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :