2016میں ہونے والے جی ایس پی پلس کے ریویو میں کامیابی حاصل کریں گے ٗخرم دستگیر خان

جی ایس پی پلس کے حصول کے بعد یورپی یونین کو برآمدات میں بہت حوصلہ افزا رجحانات سامنے آئے ہیں ٗ اجلاس سے خطاب

پیر 3 اگست 2015 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ 2016میں ہونے والے جی ایس پی پلس کے ریویو میں کامیابی حاصل کریں گے ٗرواں سال کے اواخر میں یورپی پارلیمنٹ اور یورپی کمیشن کے ممبران سے ملاقاتیں کی جائیں گی اور انھیں پاکستان عوام کو جی ایس پی پلس سے حاصل شدہ فوائد سے آگاہ کیا جائے گا، جی ایس پی پلس کے حصول کے بعد یورپی یونین کو برآمدات میں بہت حوصلہ افزا رجحانات سامنے آئے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت نے ٹریٹی امپلیمنٹیشن سیل کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور جی ایس پی پلس کیلئے قائم کردہ ٹریٹی امپلیمنٹیشن سیل کے کنوینر اشتراوصاف نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی وزارت تجارت، خارجہ،قانون، موسمیاتی تبدیلی،اوورسیز پاکستانی اور ہیومن ایسورس ڈویلپمنٹ، ایف آئی اے، اینٹی نارکوٹکس فورس اور ٹریٹی امپلیمنٹیشن سیل کے صوبائی نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ وزارت تجارت جی ایس پی پلس سپورٹ میکینزم یونٹ قائم کرے گی جس کے ذریعے ملک میں پرائیویٹ سیکٹر اور این جی اوز کے ذریعے انسانی حقوق کی بہتری کیلئے کئے جانے والے کاموں اور پراجیکٹس کو اجاگر کیا جائے گا۔ ٹریٹی امپلیمنٹیشن سیل چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر کے قانون اور انسانی حقوق کے محکموں سے انتہائی قریبی رابطے میں ہے تاکہ اقوام متحدہ کے ستائیس کنونشن پر عملدرآمد میں تیزی سے پیشرفت کی جائے ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ جی ایس پی پلس کے قانونی تقاضے پورے کرنے کیلئے وزار ت تجارت ہر ممکن تعاون فراہم کریگی ۔قانونی ماہرین کی طرف سے وزیر تجارت اور معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ سزائے موت پر پابندی جی ایس پی پلس کی شرط نہیں اور پاکستان نے جی ایس پی پلس کے حوالے سے ایسا کوئی معاہدہ یورپی یونین سے نہیں کیا۔

متعلقہ عنوان :