عالمی بینک کا معیشت کی بحالی کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار

معاشی استحکام کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھی جائے گی ٗمنیجنگ ڈائریکٹر ملیانی اندراوتی 2012 کے اختتام پر پاکستان کی معاشی حالت بہتر نہیں تھی ٗوزیر خزانہ اسحاق ڈار

پیر 3 اگست 2015 21:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) عالمی بینک نے معیشت کی بحالی کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ معاشی استحکام کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ پیر کو عالمی بنک کی منیجنگ ڈائریکٹر سری ملیانی اندرا وتی نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس پاکستانی معیشت کے حوالے سے مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عالمی بنک کی منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستان معاشی خوشحالی کی جانب گامزن ہے ، پاکستان نے معاشی اصلاحات سے بہت فائدہ اٹھایا ہے اور معیشت کی بحالی کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات تسلی بخش ہیں ۔

ملیانی اندرا وتی نے کہا کہ پاکستان میں 2 سال کے دوران ہونے والی ترقی پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ 2012 کے اختتام پر پاکستان کی معاشی حالت بہتر نہیں تھی ٗحکومتی اصلاحات سے دو سال میں معیشت میں تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی بی آر ڈی اور دوسرے ادارے پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ سری ملیانی اندرا وتی پاکستان کی اچھی دوست ہیں، انہوں نے توانائی کے شعبے اور داسو ڈیم کے معاملے پر بہت تعاون کیا ہے۔