Live Updates

الطاف حسین کی تقاریر مذمت سے بھی بڑھ کر ہیں، حکومت نوٹس لے رہی ہے، الطاف کی تقریر ایم کیو ایم کیلئے مسئلہ بن گئی ہے، حکومت نے کراچی کے دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی، عمران خان کی منفی سیاست نے تحریک انصاف کو نقصان پہنچایا، اس نے جھوٹ کے کلچر کو پروان چڑھایا

وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی کا ٹی وی انٹرویو

پیر 3 اگست 2015 21:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی نے کہا کہ حکومت نے کراچی کے دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی، الطاف حسین کی تقاریر قابل مذمت سے بڑھ کر ہیں حکومت ان کا نوٹس لے رہی ہے، الطاف کی تقریر ایم کیو ایم کیلئے مسئلہ بن گئی ہے، عمران کی منفی سیاست نے تحریک انصاف کو نقصان پہنچایا، اس نے جھوٹ کے کلچر کو پروان چڑھایا۔

وہ پیر کو سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات پیچھے کئی برسوں سے بہت خراب رہے ، روشنیوں کا شہر بوری بند لاشوں ، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کا شکار رہا لیکن حکومت نے کراچی کے دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے کراچی کی عوام کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے، حکومت نے الطاف حسین کے خلاف قتل اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ تک درج نہیں کرایا اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے کراچی آپریشن شروع کیا، اب حکومت الطاف حسین کی تقاریر کا نوٹس لے رہی ہے، نیٹو یا کسی اور ملک کو کارروائی کی دعوت دینا قابل مذمت سے بھی بڑھ کر ہے، ان کی تقاریر ایم کیو ایم کیلئے بھی بڑا مسئلہ بن گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی منفی سیاست نے تحریک انصاف کو بہت نقصان پہنچایا، عمران خان کی خیبرپختونخوا پر کوئی توجہ نہیں، اس نے جھوٹ کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات