سینیٹ کا چترال کے متاثرین سیلاب کیلئے 20لاکھ امداد کا اعلان،بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا 6اگست کوخصوصی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ

پیر 3 اگست 2015 21:25

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء ) سینیٹ کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے چترال کو حالیہ بارشوں کی وجہ سے شدید متاثر ہ علاقہ قرار دیتے ہوئے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے بیس لاکھ روپے سینیٹ کے ایمر جنسی ریلیف فنڈ سے امدا د کے طور پر دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ امداد ڈپٹی کمشنر چترال کو ادویات و خوراک کی اشیاء کی صورت میں فراہم کی جائیگی۔

بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا ۔کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹ کے حالیہ اجلاس کے حوالے سے ایجنڈا ، قانون سازی کے امور اور سیلاب کے باعث جنم لینے والی صورتحال پر تفصیلی بحث کی گئی ۔بزنس ایڈوائزی کمیٹی کے اجلاس میں 6اگست 1973کو اہم دن قرار دیتے ہوئے اسے خصوصی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 6اگست 1973کو سینیٹ کی تاریخ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا تھا۔ اس دن کی مناسبت سے خصوصی نشست منعقد ہوگی جس میں چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی اور سابقہ چیئر مین خصوصی خطاب کرینگے جبکہ سینیٹر نرگس زمان کیانی اور سابق سارجنٹ ایٹ آرمز محمد تاج کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔کمیٹی کو سینیٹ کی ویب سائٹ میں لائی جانیوالی تبدیلیوں ، اراکین سینیٹ کی تنخواہوں اور الاونسز کو ویب سائٹ پر شائع کرنے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔کمیٹی نے اراکین کی حاضری کو سینیٹ کی ویب سائٹ پر ڈالنے کے حوالے سے بھی اتفاق کیا سینیٹ کا اجلاس 13اگست 2015تک جاری رہیگا۔

متعلقہ عنوان :