کراچی گالف کلب میں 20 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئین شپ کا آغاز

پیر 3 اگست 2015 20:53

کراچی ۔ 3 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) کراچی گالف کلب میں 20 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئین شپ کا انعقاد 6 تا9 اگست 2015ء کیا جا رہا ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں افتتاحی تقریب پیر کو کراچی گالف کلب میں منعقد کی گئی جس میں کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے ٹی آف کر کے چیمپئین شپ کا باقاعدہ آغاز کیا۔

قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں پیٹرن پاکستان نیوی گالف اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کموڈور علی عباس نے حاضرین کو ٹورنامنٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ چیمپئین شپ 6 سے 9 اگست تک جاری رہے گی اور تاحال یہ پاکستان میں انعامی رقم کے اعتبار سے گالف کا سب سے بڑا مقابلہ ہے جس میں اس سال مجموعی انعامی رقم 6 ملین روپے ہے۔

(جاری ہے)

20 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئین شپ کئی کیٹیگریز کے مقابلوں پر مشتمل ہے جن میں کراچی گالف کلب کیڈیز، سیمی پروفیشنلز اور سینئر پروفیشنلز کے لئے 36 ہولز کے میچ، سینئرز کے لئے 18 ہولز کے میچ، ویٹرنز کے لئے 9 ہولز کے مقابلے اور وفیشنلز اور ایمچورز کے 72 ہولز کے مقابلے شامل ہیں۔

کموڈور علی عباس نے پاکستان نیوی میں اندرونی سطح پر، مختلف سروسز کے درمیان اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں بالخصوص روئنگ، سیلنگ، شوٹنگ اور گالف کے فروغ کے لئے کی جانے والی پاک بحریہ کی کاوشوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئین شپ کا 1995ء سے باقاعدہ انعقاد قومی سطح پر گالف کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا غماز ہے۔ پاکستان نیوی گالف کے پیٹرن کموڈور علی عباس نے گالف کے کھیل کے لئے مسلسل تعاون اور کاوشوں پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ذکاء اللہ، کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی اور تمام اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :