واٹر بورڈ فلٹر پلانٹس پر کلورین مقررہ مقدار میں شامل کر رہا ہے، نور محمد چوہان

پیر 3 اگست 2015 20:51

کراچی ۔ 3 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) کراچی واٹر اینڈسیوریج بورڈ کے نیگلیریا کمیٹی کے فوکل پرسن و چیف انجینئر الیکٹریکل و میکنیکل نور محمد چوہان نے کہا ہے کہ کمیٹی نے 22 مئی سے 28 جون تک شہر کے مختلف علاقوں سے پانی کے 2194 نمونے حاصل کئے جبکہ 4 ہزار نمونے لینے کی خبر درست نہیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق لئے گئے 2194 نمونوں میں سے 1459 نمونوں میں کلورین موجود تھی، البتہ 162 نمونوں میں کلورین کم پائی گئی۔

(جاری ہے)

ان علاقوں میں فوری طور پر ہائپو سوڈیم کلورائٹ سے کمی پوری کر دی گئی۔ واضح رہے کہ واٹر بورڈ اپنے فلٹر پلانٹس پر کلورین مقررہ مقدار میں شامل کر رہا ہے اور ماہانہ ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کلورین کی فراہمی پر خرچ کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں واٹر بورڈ سی او ڈی فلٹر پلانٹس پر موجودہ واٹر بورڈ کی جدید ترین لیبارٹری میں چیف انجینئرز سے حاصل کردہ نمونوں کا ازخود تجزیہ کیا جاتا ہے، پانی میں کلورین شامل کرنا واٹر بورڈ کی ذمہ داری ہے۔