`حکومت تاجروں سے محاذ آرائی سے گریز کرے ، صنعت ، تجارت و معیشت کے وسیع تر مفاد میں یہ ودہولڈنگ ٹیکس فوری طور پر واپس لیا جائے:سید محمود غزنوی`

پیر 3 اگست 2015 20:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بینکوں سے لین دین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کو ڈبل ٹیکسیشن اور اور جبری قانون دیتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تاجروں سے محاذ آرائی سے گریز کرے اور صنعت ، تجارت و معیشت کے وسیع تر مفاد میں یہ ودہولڈنگ ٹیکس فوری طور پر واپس لیا جائے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ حکومت تصادم کی صورتحال پیدا کرنے سے گریز کرے کیونکہ اس سے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا، حکومت کو چاہیے کہ تاجروں سے سنجیدہ مذاکرات کرے تاکہ بینکوں سے لین دین پر ٹیکس کے معاملے پر کشیدگی کی صورتحال ختم ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جب معیشت بحالی کی جانب جارہی ہے، تاجر برادری سے محاذ آرائی حکومت کی تمام کوششوں پر پانی پھیر دے گی۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ تاجر بینکوں سے لین دین پر ٹیکس کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے اسے قبول کرنے سے گریزاں ہیں لہذا بہتر یہی ہوگا کہ حکومت یہ ٹیکس واپس لے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے دیگر اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکس عائد کرنے کے بعد تاجروں نے بینکوں سے سرمایہ نکلوانا شروع کردیا ہے جس کی وجہ سے بینکوں کے ٹرن اوور میں نمایاں کمی ہوئی ہے، اگر حکومت نے ودہولڈنگ ٹیکس واپس نہ لیا تو بینکنگ سیکٹر بھی تباہ ہوجائے گا۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ بینکوں سے لین دین پر ٹیکس کے خلاف حالیہ ہڑتال کی وجہ سے ملک کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے ، اگر تاجروں کو مزید ہڑتال پر مجبور کیا گیا تو معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان ہونے کا اندیشہ ہے جو کسی طرح بھی ملکی مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کے پیش نظر ضروری ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار یہ ودہولڈنگ ٹیکس فوری طور پر واپس لینے کے احکامات صادر کریں