` الطاف حسین کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے وہ ذہنی طور پر بیمار ہیں،وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ

کراچی آپریشن صرف جرائم پیشہ لوگوں اور دہشتگردوں کے خلاف ہورہا ہے ، پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں آکر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے،میڈیا سے گفتگو `

پیر 3 اگست 2015 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ جس طرح الطاف حسین نے جو بیان دیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ذہنی طور پر بیمار ہیں۔کراچی آپریشن صرف جرائم پیشہ لوگوں اور دہشتگردوں کے خلاف ہورہا ہے۔پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کا بیان ایک معمولی پاکستانی کا بھی نہیں ہوسکتا ہے اور نہ ہی کوئی ذی شعور اس طرح کا بیان دے سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے نیٹو اور دیگر ممالک سے جس طرح پاکستان میں مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے یہ بات قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم غلط بیانی سے کام لے رہی ہے کہ کراچی آپریشن صرف ان کے خلاف ہورہا ہے جبکہ آپریشن صرف جرائم پیشہ لوگوں اور دہشتگردوں کے خلاف ہورہا ہے۔تحریک انصاف کو اسمبلی میں ڈی سیٹ کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر اس کے حق میں نہیں ہوں اور پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں آکر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ احتساب ہر اس آدمی کا ہونا چاہئے جو پارلیمنٹ میں حق نمائندگی ادا کر رہا ہے