` اقتصادی راہداری پاکستان میں اقتصادی بحالی کا ذریعہ بنے گی،پوری قوم منصوبہ کی تکمیل کیلئے دعائیں کرے، صدر `

پیر 3 اگست 2015 20:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان میں اقتصادی بحالی کا ذریعہ بنے گی۔ اس لیے پوری قوم کو اس کی بروقت تکمیل کے لیے دعا اور کوششیں کرنی چاہیں۔یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز کے انتالیسویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ خطے کے تمام ملکوں کے لیے فائدہ مند ہو گا۔ یہ منصوبہ خطے کی تقدیر بدل دے گا۔ انھوں نے کہا کہ راہداری کی تعمیر کے بعد پاکستان خطے کا اہم ترین ملک بن جائے گا اور یہاں روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے۔ انھوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے ا?پ کو تیار کریں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان کی معیشت کو مضبوطی ملے گی اور اقتصادی پہیہ دوبارہ چلنا شروع ہوجائے گا۔صدر مملکت نے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ نئی نسل کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور قومی ایجنڈے کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں۔ انھوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں علم و حکمت کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ دور میں معیشت کو سیاست پر فوقیت حاصل ہے۔ ہمیں نیک نیتی اور ایمانداری سے کام کرکے اپنی معیشت کو مضبوط بنانا ہوگا۔صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں ازسر نو اپنے آپ کو منظم کرنا ہوگا اور ہم سب کو مل کر کرپشن کے خلاف جہاد کرنا ہوگا اور کرپٹ عناصر کا سماجی بائیکاٹ کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم نے ایسا نہ کیا تو ہم اقوام عالم میں بہت پیچھے رہ جائیں گے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم الشان ملک ہے۔ ماضی میں کرپٹ عناصر نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک 70 کی دہائی تک ٹھیک تھا لیکن اس کے بعد کرپشن اور بدعنوانی نے اسے بہت خراب کیا۔ انھوں نے کہا کہ بہت کچھ ہو چکا ہے، اب ہمیں بدعنوانی کو ختم کرکے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنا ہے۔تقریب کے اختتام پر صدر مملکت نے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :