`سائنسی تعلیم کے سلسلے میں بعض حصوں میں کچھ اقوام سے امتیازی سلوک کیا جارہا ہے ، صدر ممنون

فزکس کے معاملے میں یہ شکایت نمایاں نظر آتی ہے، توقع ہے ایٹمی توانائی کمیشن اور اس جیسے دیگر قومی ادارے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، سیمینار سے خطاب`

پیر 3 اگست 2015 20:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سائنس کے مختلف شعبوں میں تعلیم کے سلسلے میں دنیا کے بعض حصوں میں کچھ اقوام کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں فزکس کے معاملے میں یہ شکایت نمایاں نظر آتی ہے۔یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں سمر کالج نتھیاگلی برائے طبیعات وعصری تقاضے سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ دنیا میں صرف وہی قومیں سربلند ہوتی ہیں اور عالمی بساط پر اپنے نقش ثبت کرتی ہیں جو سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ صنعت و حرفت ، تجارت ، دفاع ہو یا معیشت کا میدان، ان شعبوں میں بھی ترقی اور سربلندی کا حصول سائنس اور ٹیکنالوجی ہی کا مرہون منت ہے۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے کہا کہ نامساعد حالات اور کم وسائل کے باوجود پاکستان میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شاندار ادارے قائم کیے گئے ہیں۔

انھوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان میں سائنسی انداز فکر کے فروغ اور آنے والی نسلوں کو سائنسی علوم سے بہرہ ور کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنا ہونگے تاکہ ہماری نئی نسل سائنسی تصورات کو سمجھنے کی صلاحیت حاصل کرسکے۔ صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ ایٹمی توانائی کمیشن اور اس جیسے دیگر قومی ادارے اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

صدر مملکت نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن اور دیگر ادارے حالات کی اونچ نیچ کی پروا کیے بغیر علمی سرگرمی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور یقین دلایا کہ ایسی صحت مند سرگرمیوں کے لیے ریاست کی حمایت انھیں ہمیشہ حاصل رہے گی۔ صدر مملکت نے امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ ایٹمی توانائی کمیشن اور پاکستان کے دیگر سائنسی اداروں کی اَن تھک محنت اور شاندار کارکردگی کے نتیجے میں عالمی سطح پر اِن کی اہمیت کا اعتراف کیا گیا اور سائنسی تعلیم و تحقیق کے عالمی اداروں سرن انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی، انٹرنیشنل سنٹر فار تھیوریٹیکل فزکس اور مشرق وسطیٰ کے ادارے سنکروٹران لائٹ برائے تجرباتی سائنس جیسی عالمی تنظیموں کا تعاون اوران کی رکنیت کا حصول ممکن ہوا۔

متعلقہ عنوان :