وزیراعلیٰ پنجاب سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سنٹرل کمیٹی کے رکن اور صوبہ جیلن کے پارٹی سیکرٹری بین ژاؤلو کی ملاقات

سی پیک منصوبوں کو شبانہ روز محنت سے مکمل کرینگے ، کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا:شہبازشریف

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 3 اگست 2015 20:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سنٹرل کمیٹی کے رکن اور صوبہ جیلن کے پارٹی سیکرٹری بین ژاؤلو کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات، پنجاب اور چینی صوبہ جیلن کے مابین معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ اور زراعت، صنعت، سائنس و ٹیکنالوجی، آٹو انڈسٹری اور مختلف شعبوں میں اشتراک کار بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مستقبل میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے مختلف شعبوں میں دو طرفرفہ تعاون میں اضافے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پورا اتری ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور میں پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ چین کی جانب سے جو تاریخ ساز اقتصادی پیکیج دیا گیا ہے وہ سرمایہ کاری کے ساتھ پاکستان کیلئے چین کا ایک عظیم تحفہ ہے۔

چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران 43 ارب ڈالر کا تاریخ ساز اقتصادی پیکیج دونوں ملکو ں کے درمیان لازوال دوستی کی شاندار مثال ہے اور پاکستان کے عوام چین کے اس احسان کو کبھی بھی نہیں بھلا سکتے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے خوشحالی لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت 33 ارب ڈالر کی خطیر رقم توانائی کے منصوبوں کیلئے رکھی گئی ہے۔

پنجاب میں سی پیک کے تحت منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کا آغاز کر دیاگیا ہے، ساہیوال میں 1320 میگاواٹ کے کول پاور پراجیکٹ کے پلانٹ کی تعمیر کا آغاز ہو چکا ہے اور یہ منصوبہ 2017 میں بجلی مہیا کرے گا۔ اسی طرح بہاولپور میں 900 میگاواٹ کا سولر منصوبہ لگایا جا رہا ہے جو 2016 میں مکمل ہوگا۔ ان تمام منصوبوں میں چین کی کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ شبانہ روز محنت کر کے سی پیک کے منصوبوں کو مکمل کریں گے اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے راستے میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں چین کے تعاون سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے اور اس منصوبے کو بھی مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ، آٹو انڈسٹری، ریلویز، میٹرو ٹرین، کمرشل گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ، ایگرو بیسڈ انڈسٹری، طلبا و طالبات کی تربیت اور دیگر شعبوں میں صوبہ جیلن کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں، خصوصاً طلبا و طالبات کو انجینئرنگ اور مختلف شعبوں میں تربیت کیلئے صوبہ جیلن بھجوایا جا سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے چینی صوبہ جیلن کے آٹو انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں کو پنجاب میں مینوفیکچرنگ یونٹ لگانے کی پیشکش کی اور کہا کہ پنجاب حکومت اس ضمن میں ہرممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا ایک وفد جلد صوبہ جیلن کا دورہ کرے گا اور اشتراک کار کے حوالے سے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ انہو ں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے دونوں صوبوں کے مابین وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں اور ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیئے۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سنٹرل کمیٹی کے رکن اور صوبہ جیلن کے پارٹی سیکرٹری بین ژاؤلو نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قابل لیڈرشپ میں پنجاب میں بہت ترقی دیکھی ہے، بلاشبہ شہبازشریف ایک جذبے کے تحت عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ پنجاب میں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کئی اہم سنگ میل عبور کئے ہیں جس پر میں انہیں مبارکباد دیتاہوں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ جیلن اور پنجاب کے مابین معاشی و تجارتی تعاون، زراعت، صنعت، سائنس و ٹیکنالوجی، ایجوکیشن اور دیگر شعبوں میں اشتراک کار بڑھایا جائے گا اور اس ضمن میں وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان بھی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے بھی دونوں جماعتوں کے وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سنٹرل کمیٹی کے رکن اور صوبہ جیلن کے پارٹی سیکرٹری بین ژاؤلونے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو صوبہ جیلن کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل قریب میں آپ کے صوبے کا دورہ کروں گا۔ صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، اعلیٰ حکام، چین کے قونصل جنرل یوبورن اور دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔