کراچی پولیس کی کارروائی ، بین الاقوامی بھتہ خور گروہ کے 3کارندے گرفتار

گرفتار ملزمان واصف رفیق ،فیضان ماٹو اور حسن طفیل ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث تھے،ڈی آئی جی ویسٹ

پیر 3 اگست 2015 19:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) پولیس نے کراچی کے علاقے جوہر آباد میں کارروائی کرکے بین الاقوامی بھتہ خور گروہ کے 3کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔گرفتار ملزمان ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث تھے ۔یہ بات ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ نے پیر کو پریس کانفرنس کے دوران بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دن خواجہ اجمیر نگری پولیس پارٹی نے بین الاقوامی بھتہ خور گروہ کے 3کارندوں کو نیو کراچی اور جوہر آباد کے علاقوں میں کارروائی کرکے گرفتار کرلیا ہے ۔

ملزمان میں واصف رفیق ،فیضان عرف ماٹو اور حسن طفیل شامل ہیں ۔ملزمان کراچی میں ڈاکٹروں اور تاجروں سے کالعدم تحریک طالبان اور لیاری گینگ وار کے نام پر بھتہ طلب کرتے تھے ۔ملزمان نے دوران تفتیش جوہر آباد ،عزیز آباد ،نیو ٹاؤن اور پی آئی بی میں فائرنگ کرکے متعدد ڈاکٹروں کی ٹارگٹ کلنگ اور ان کو دھمکیاں دینے کا انکشاف کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ملزمان ڈاکٹروں کو ای میل اور لفافوں میں پرچی کے ساتھ گولیاں بھیجتے تھے جس سے خوف و ہراس پیدا ہوتاتھا ۔

ڈی آئی جی فیروز شاہ نے بتایا کہ ملزمان کے دو ساتھی جنوبی افریقہ میں موجود ہیں جن میں حافظ فرقان اور جانسن نامی شخص شامل ہے ۔جانسن کچھ عرصہ قبل مسلمان ہوگیا تھا جس نے اپنا جنید بغدادی رکھا تھا ۔بھتہ کی رقم جنید بغدادی کی اہلیہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جاتی تھی جہاں سے جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسرگ میں بذریعہ انٹرنیشنل منی ٹرانسفر کمپنی کے ذریعہ منتقل ہوتی تھی ۔ملزم کے کمپیوٹر سے شہر میں موجود کئی ڈاکٹروں اور دوا ساز کمپنیوں کو بھتہ کی پرچیوں کی نقول بھی حاصل کی گئی ہیں ۔ملزم کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں

متعلقہ عنوان :