سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے بنک ایشورنس ریگولیشن جاری کر دئے

پیر 3 اگست 2015 19:46

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء ) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے پالیسی بورڈ کی منظوری حاصل کرنے کے بعد انشورنس سیکٹر کے لئے نئے ترمیم شدہ ریگولیشن جاری کر دئے ہیں۔ نئے ریگولیشن میں بیمہ پالیسی ہولڈر ، انشورنس کمپنیوں اور انشورنس ایجنٹوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔نئے ریگولیشن میں بیمہ پالیسی کی فروخت کے کاروبار کو تحفظ فراہم کیا گیاہے اور پالیسی ہو لڈرز کے سرمائے کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے ۔

انشورنس کمپنیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ پالیسی کی فروخت کے وقت صارفین کو تمام شرائط اور قوائد و ضوابط سے آگاہی فراہم کریں۔ انشورنس سیکٹر کے لئے جاری کئے گئے ترمیم شدہ ریگلویشن میں بطور انشورنس ایجنٹ کام کرنے والے بینکوں کے معاوضہ متناسب کر دیا گیا ہے جبکہ لائف انشورنس کی پالیسیوں کی بازگردانی (recycling) پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں نئے ریگوکیشن میں کمیشن کی واپسی، کم از کم کیش ویلیو اورفنانشل انڈر رائٹنگ اور کئی دیگر اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں جس سے پالیسی ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ ہو گا۔ امید کی جاتی ہے کہ انشورنس سیکٹر کے لئے جاری کئے گئے رنئے ریگولیشن اس شعبے کی ترقی کے لئے کارگر ثابت ہوں گے اور پالیسی ہولڈر کو یقینی تحفظ حاصل ہو گا۔ انشورنس سیکٹر کے نئے ریگولیشن تمام شراکت داروں اور متعلقہ اداروں کی مشاورت سے ترتیب دئے گئے ہیں۔