ملک تقسیم نہیں، وطن فروشوں کا قبرستان ثابت ہو گا،12 مئی کو کراچی میں خون بہایا گیا، ہم نے کراچی میں امن لانے کی کوشش کی ہے، ایم کیو ایم میں اچھے لوگ ہیں ،وہ الطاف حسین سے لاتعلقی کا اعلان کریں

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تغیرات مشاہد اﷲ خان کی میڈیا سے گفتگو

پیر 3 اگست 2015 19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تغیرات مشاہد اﷲ خان نے کہا ہے کہ ملک تقسیم نہیں ہو گا بلکہ یہ وطن فروشوں کا قبرستان ثابت ہو گا،12 مئی کو کراچی میں خون بہایا گیا، سانحہ نشتر پارک ہوا، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ ہو رہی تھی، ہم نے کراچی میں امن لانے کی کوشش کی ہے، کراچی میں میڈیا کو یرغمال بنایا گیا جو الطاف حسین اور ان کے رفقاء کے جرائم کو روک رہے تھے، ایم کیو ایم میں اچھے لوگ ہیں، ہم ان کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، ان کو فیصلہ کرنا ہے کہ الطاف حسین سے لاتعلقی کا اعلان کریں۔

(جاری ہے)

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مشاہد اﷲ خان نے کہا کہ نوبل پرائز ملالہ کو نہیں بلکہ الطاف حسین کو ان کے جھوٹ بولنے پر دیا جائے، اب کراچی میں مجرموں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے،اور کراچی جو کہ معاشی حب ہے ایک مرتبہ پھر اس شہر کی رونقیں بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپرینش ایم کیو ایم کے ایماء پر شروع کیا گیا، جب ایم کیو ایم کے پاس حکومت تھی تو وہاں حالات خراب تھے، اب حالات بہتر ہوئے ہیں تو پھر بھی الطاف حسین کو تکلیف ہو رہی ہے، اب غنڈہ گرد یاور بد معاشی کا دور ختم ہونا چاہیے، وطن فروش اور ملک دشمن سیاست کا خاتمہ ہونا چاہیے۔