ودہولڈنگ ٹیکس غیرمنصفانہ اورعوام دشمن قدم ہے،ڈاکٹرمعراج الہدی صدیقی

حکومت عوام کامزیدخون نچوڑنے کی بجائے ملک میں کرپشن اورسودی نظام معیشت کا خاتمہ کا اعلان کرے،امیر جماعت اسلامی سندھ

پیر 3 اگست 2015 18:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی نے کہاکہ ودہولڈنگ ٹیکس غیرمنصفانہ اورعوامدشمن قدم ہے،حکومت عوام کامزیدخون نچوڑنے کی بجائے ملک میں کرپشن اورسودی نظام معیشت کا خاتمہ کا اعلان کرے۔جماعت اسلامی سندھ ،تاجروں کی جانب سے حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کے خلاف پانچ اگست کو اعلانیہ ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان اورودہولڈنگ ٹیکس کی واپسی کا مطالبہ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں سودی نظام معیشت کو اﷲ اور اسکے رسول ﷺ سے کھلی جنگ کا اعلان قراردیا ہے ۔یھی وجہ ہے کہ کرپشن ،لوٹ مارقتل وغارت گری،دہشت گردی،سیلاب ،قحط اوردیگر قدرتی آفات نے ملک کاگھیراء کیا ہوا ہے پھر بھی حکمران ٹولہ خواب غفلت سے بیدار نہیں ہورہاہے۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کی احکامات الیٰ کی خلاف ورزیوں کا خمیازہ عوام مہنگائی،بے روزگاری،بدامنی اورغربت وافلاس کی صورت میں بھگت رہی ہے۔

اﷲ کی لاٹھی بے آواز ہے انہیں اپنے ماضی سے ضرور سبق حاصل کرنا چاہئے۔صوبائی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ظلم کیخلاف تاجر برادری کے ساتھ ہے، حکومت تاجر برادری کی حوصلہ افزائی کرکے صنعت وتجارت کو فروغ دینے کی بجائے اپنے ظالمانہ اقدامات سے معیشت وتجارت کو تباہ اور تاجر برادری کو احتجاج پر مجبور کررہی ہے۔صوبائی رہنماء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملکی معیشت کی بہتری اور تجارت کے فروغ کیلئے ظالمانہ ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لے اور تاجر برادری میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :