نیب بلوچستان اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کرپشن اور بدعنوانی سے متعلق شعوری آگاہی کی بیداری کیلئے مشترکہ مہم کا آغاز

شاہراہوں پربدعنوانی کی حوصلہ شکنی سے متعلق بل بورڈز آویزاں کردیئے گئے بدعنوان عناصر کے کڑے محاسبے کیلئے بلا امتیاز اور سخت کاروائی کی جائیگی ڈی جی نیب بلوچستان میجر ریٹائرڈ طارق محمود ملک

پیر 3 اگست 2015 18:08

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء ) قومی احتساب بیورو بلوچستان اور میٹروپولیٹن کارپوریشن نے کرپشن اور بدعنوانی سے متعلق عوام میں شعوری آگاہی کی بیداری کیلئے مشترکہ مہم کا آغاز کردیا صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے گنجان آباد علاقوں اوراہم شاہراہوں پرکرپشن کے مضمرات سے آگاہی اور بدعنوانی کی حوصلہ شکنی سے متعلق بل بورڈز آویزاں کردیئے گئے ۔

کرپشن اور بدعنوانی کے تدارک کیلئے نیب کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو مزید موثر بنانے اورشعوری مہم کو وسعت دینے کے لئے نیب اور میٹروپولیٹن نے مشترکہ اقدامات اٹھانے پر اتفاق کا اظہار کیا ہے ڈپٹی میئر میٹروپولیٹن کوئٹہ یونس بلوچ نے قومی احتساب بیورو کی دعوت پرنیب بلوچستان کے افسران سے ملاقات کی اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے نیب کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے شعوری مہم کووسعت دینے کیلئے اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اس بات پر باہمی اتفاق کا اظہار کیا گیا کہ کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کے لئے نیب کی جاری شعوری مہم کو وسعت دی جائے گی اور نیب کے پیغام کی موثرتشہیر کرکے کرپشن کے عفریت پر قابو پانے کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں عوام میں شعوری آگاہی کی بیداری کیلئے نیب اور میٹروپولیٹن کارپوریشن نے کرپشن اور بدعنوانی سے متعلق مشترکہ مہم کا آغاز کرتے ہوئے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے گنجان آباد علاقوں اوراہم شاہراہوں پرکرپشن کے مضمرات سے آگاہی اور بدعنوانی کی حوصلہ شکنی سے متعلق بل بورڈز آویزاں کردیئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان میجر ریٹائرڈ طارق محمود ملک نے عوام میں کرپشن کے مضمرات کے حوالے سے آگاہی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات قومی احتساب بیورو کا ساتھ دیں اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر ڈالنے کے لیے کرپٹ عناصر کی نشاندہی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو بدعنوانی کے خاتمے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے انہوں نے کہا کہ بدعنوان عناصر کے کڑے محاسبے کے لیے بلا امتیاز اور سخت کاروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :