تحریک صراط مستقیم پاکستان کے مدارس میں نئے تعلیمی سال کا آغاز کر دیا گیا

پیر 3 اگست 2015 18:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء ) تحریک صراط مستقیم پاکستان کے مدارس میں نئے تعلیمی سال کا آغاز کر دیا گیا۔ تخصص فی الفقہ، دورۂ حدیث شریف، درسِ نظامی کی کلاسز اور تحفیظ القرآن میں انٹرویوز اور داخلے کا سلسلہ جاری ہے۔مرکزی افتتاحی تقریب کا انعقاد مرکز صراط مستقیم تاج باغ فیز iii میں ہوا۔ جس میں کثیر تعداد میں اساتذہ، فضلاء اور طلباء نے شرکت کی۔

ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے بسم اﷲ پڑھا کر نئے تعلیمی سال کا آغاز کیا اس موقع پر تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا نصاب تعلیم کسی قوم کی تعمیر میں سب سے بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔قومِ رسولِ ہاشمی ﷺ کی ترقی کے لئے نصاب تعلیم کے خد وخال کا قرآن و سنت سے استوار ہونا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

عصر حاضر کے چیلنجز کے ادراک اور ان کے جواب کے لئے جامع فہمِ شریعت کے حامل علماء کرام کا معاشرے میں ہونا از حد ضروری ہے۔

ایک طرف نام نہاد روشن خیالی اور سیکولر دماغ کے حامل افراد نسلِ نو کو غیروں کے پاس گروی رکھنا چاہتے ہیں۔ دوسری طرف اسلامی تعلیمات کی غیر مستند اور غلط تعبیر و تشریح نے معاشرے کو دہشت گردی کا آتش فشاں بنا دیا ہے۔ ان فتنوں کا جواب اسلامی تعلیمات اور نظریاتی پختگی ہی سے دیا جا سکتا ہے۔تقریب میں شیخ الحدیث مولانا ارشاد احمد جلالی، مولانا محمد جاوید سیالوی، مفتی محمد عبد الکریم جلالی، علامہ محمد فیاض قادری، مولانازاہد محمود قادری، مولانا فیض الرسول نورانی، مولانا صدیق مصحفی، مولانا رضاء المصطفی رازی، مولانا ریاست علی رومی، مولانا عبد الغفور چشتی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :