آل پاکستان انجمن تاجران نے خالد پرویز کو 5اگست کی ہڑتال کی کال واپس لینے کیلئے کھلا خط لکھ دیا

ہم آپ کے پاس آنے کیلئے تیار ہیں ،ناکام ہڑتال سے تاجروں کے کاذ کو نقصان پہنچے گا،ہم اس کا حصہ نہیں بنیں گے 10اگست کو لاہور میں تاجروں کا نمائندہ اجلاس طلب ،مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو مستقبل کا لائحہ عمل طے کرینگے ‘ محمد اجمل بلوچ ، خواجہ محمد شفیق اور نعیم کی دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

پیر 3 اگست 2015 17:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) آل پاکستان انجمن تاجران نے خالد پرویز کو 5اگست کی ہڑتال کی کال واپس لینے کیلئے کھلا خط لکھ دیا جبکہ مرکزی عہدیدار وں کا کہنا ہے کہ ناکام ہڑتال سے تاجروں کے کاذ کو نقصان پہنچے گا۔ہم ہڑتال کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آل پاکستان انجمن تاجران محمد اجمل بلوچ، چیئرمین خواجہ محمد شفیق اور سیکرٹری جنرل نعیم نے تاجروں کے ساتھ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ یکم اگست کو تاجروں نے ملک بھر میں کامیاب شٹر ڈاؤن کیا کیونکہ اس ہڑتال کو ملک بھر کے تاجروں اور تاجر تنظیموں کی حمایت حاصل تھی ۔ لاہور میں کامیاب ہڑتال کا مطلب پنجاب اور پھر ملک بھر میں کامیاب ہڑتال ہے جس پر میں نعیم میر دوسرے ساتھیوں اور تاجروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ہم چاہتے ہیں کہ ٹیکس نیٹ بڑھایا جائے تاکہ ملک ترقی کرے لیکن ایف بی آر کی نااہلی کی وجہ سے ٹیکس نیٹ بڑھنے کی بجائے کم ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

تاجروں کو وزیرخزانہ اسحق ڈار اور چیئرمین ایف بی آر پر اعتماد نہیں ہے جب تک ٹیکس واپس نہیں لیتے ہم مذاکرات نہیں کریں گے۔ حکومت کی ضد کے نتیجے میں ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہوا اور اب بینک بھی تباہی کی طرف تیزی سے جارہے ہیں۔ انہوں نے 5اگست کی ہڑتال کی کال دینے والے دوسرے دھڑے کے سربراہ خالد پرویز کو مخاطب کرکے کہا کہ خدا کیلئے 2ہونے کا تاثر نہ دیں اس سے تاجر وں کے مفاد کو نقصان پہنچ رہا ہے اور مزید پہنچے گا ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے خود خالد پرویز سے رابطہ کیا بات کی کہ تاکہ تاجر ایک تاریخ پر متفق ہوجائیں میں نے بڑے تاجررہنماؤں کو بھی ان کے پاس بھیجا بزرگ ہونے کے باوجود میں نے کہا کہ ہم آپ کو بڑا ماننے کیلئے تیار ہیں لیکن خالد پرویز بضد رہے اور انہوں نے سب کو نظر انداز کردیا ۔ تاجروں کے مفاد کیلئے اشرف بھٹی اور دوسرے گروپس بھی ہم سے آملے اورہم نے کامیاب ہڑتال کردی۔

ہم نے خالد پرویز کو ایک بار پھر خط لکھا ہے۔ خواجہ شفیق نے خالد پرویز کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام تاجر رہنما سمجھتے ہیں کہ 5اگست کی ہڑتال سے تاجروں کو مشکل ہوگی نقصان ہوگا خدا کیلئے تاجروں کو کنفیوژ نہ کریں اور ایک ہوکر متفقہ جدوجہد کریں ہم آپ کے پاس آنے کیلئے تیار ہیں ۔ آپ کو اپنا بڑا ماننے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 10اگست کو ہم نے لاہور میں تاجروں کا نمائندہ اجلاس طلب کیا ہے اگر حکومت اس سے پہلے ہمارے مطالبات تسلیم کرلیتی ہے تو ٹھیک وگرنہ ہم مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :