روسی فوج سے جھڑپوں میں آٹھ داعش جنگجو ہلاک

جھڑپیں چیچنیا کے قریب پہاڑی علاقے احراج میں ہوئیں،روسی سیکورٹی فورسز

پیر 3 اگست 2015 17:51

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء)روس کی سیکیورٹی فورسز نے کہاہے کہ انہوں نے قوقاز کے علاقے میں دولت اسلامیہ "داعش" کے لیے بیعت کرنے والے آٹھ جنگجوؤں کو ایک آپریشن کے دوران ہلاک کردیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق روس کی انسداد دہشت گردی فورس کے مطابق چیچنیا کے قریب پہاڑی علاقے احراج میں مسلح عناصر اور فوج میں ایک جھڑپ ہوئی۔

فوج کی جوابی کارروائی میں آٹھ جنگجوؤں کو قتل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم ماسکو حکام نے اس واقعے کی تاریخ کے بارے میں کسی قسم کی تفصیل نہیں بتائی۔انسداد دہشت گردی کمیٹی کا کہنا ہے کہ قتل کیے گئے جنگجوؤں نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ عراق وشام "داعش" کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ یہ افراد دو پولیس اہلکاروں کے قتل سمیت متعدد دیگر جرائم میں بھی ملوث تھے۔روسی خبر رساں ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق مقتولین میں ایک جنگجو شناخت آدم تاغیلوف کے نام سے ہوئی ہے جو دسمبر 2014 میں چیچینا کے صدر مقام گروزنی میں سیکیورٹی اہلکاروں پر ایک بڑے حملے میں ملوث قرار دیا جا چکا ہے۔ اس حملے میں گروزنی کے 14 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔