نیکٹا کے سربراہ حامد علی خان ادارے کی کارکردگی بارے سپریم کورٹ کے تحفظات کے بعد مستعفی

نئے سربراہ کے طور پر سابق آئی جی موٹروے پولیس ذوالفقار چیمہ کا نام زیر غور ،آئندہ چند روز میں وزیراعظم ، وزیر داخلہ سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے

پیر 3 اگست 2015 17:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) انسداد دہشت گردی کے ادارے (نیکٹا) کے نیشنل کو آرڈی نیٹر حامد علی خان نیکٹا کی کارکردگی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے تحفظات پر استعفیٰ دے دیا،نیکٹا کے نئے سربراہ کے طور پر سابق آئی جی موٹروے پولیس ذوالفقار چیمہ کا نام زیر غور ہے اور آئندہ چند روز میں وزیراعظم نواز شریف وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مشاورت کے بعد ذوالفقار چیمہ کے معاملے پر حتمی فیصلہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو نیکٹا کے سربراہ نیشنل کو آرڈی نیٹر حامد علی خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، انہوں نے یہ استعفیٰ نیکٹا کی کارکردگی کے بارے میں سپریم کورٹ کے تحفظات کے بعد دیا ہے اور استعفے میں وجہ اپنی علالت اور ذاتی وجوہات تحریر کی ہیں، ان کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نیکٹا کے نئے سربراہ کے طور پر سابق آئی جی موٹروے پولیس ذوالفقار چیمہ کا نام زیر غور ہے اور آئندہ چند روز میں وزیراعظم نواز شریف وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مشاورت کے بعد ذوالفقار چیمہ کے معاملے پر حتمی فیصلہ کریں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق نیکٹااور وزارت داخلہ میں تعلقات اور معاملات ٹھیک طرح سے نہیں چل رہے،جس کی وجہ فنڈنگ اور بھرتیوں کے معاملات ہیں،وزارت داخلہ ذرائع کے مطابق نئے سربراہ کے تقرر تک حامد خان کام جاری رکھیں گے۔