گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان سے وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی ملاقات

صوبائی وزیر نے گورنرسندھ کو سپریم کو رٹ کے احکامات کی روشنی میں شفاف بلدیاتی انتخابات کرانے اور دیگر امور سے آگاہ کیا

پیر 3 اگست 2015 17:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقا ت کی ۔صوبائی وزیر نے گورنرسندھ کو سپریم کو رٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں شفاف بلدیاتی انتخابات کرانے ، صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں ، سیلاب کے پیش نظر کئے گئے اقدامات سے تفصیلی آگاہ کیا ۔

گورنر سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات کو بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے صوبے با الخصوص کراچی میں صفائی ستھرائی کے کاموں کو تیزی سے کرنے کی ہدایت کی ۔دریں اثناء ایڈیشنل آئی جی پولیس مشتاق مہر نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ایڈیشنل آئی جی پولیس نے گورنر سندھ کو صوبے میں امن و امان کے قیام کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات ، دہشت گردوں، جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کارروائیوں اور سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے قانون کی عمل داری اور دہشت گردوں ،مجرموں کے خلاف بلا تفریق و دباؤ کارروائی پر زور دیا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن وامان کے قیام کے لئے عوام کا اعتماد حاصل رکھا جائے معاشرے کے تمام طبقات مجرموں کے خلاف جاری کارروائیوں پر متفق اور سیکیورٹی ایجنسیز کے ساتھ ہیں اس موقع پر نئے آئی جی مشتاق مہر نے گورنر سندھ کو یقین دلایا کہ جو اعتما د ان پر کیا گیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ۔