کوئٹہ،صوبائی وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس ، پولیو مہم اورحفاظتی ٹیکہ جات کے آئندہ ماہ کے پروگرام کیلئے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا

پیر 3 اگست 2015 17:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) صوبائی وزیر داخلہ اکبر حسین درانی کی زیر صدارت پیر کے روز یہاں منعقد ہونے والے اجلاس میں صوبہ بھر میں بچوں کو مختلف بیماریوں بالخصوص پولیو سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات کے آئندہ ماہ کے پروگرام کیلئے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ رضاکار ٹیموں اور اہلکاروں کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ بچوں کو محفوظ اور صحت مند مستقبل کیلئے حفاظتی ٹیکہ جاتی عمل میں کوئی رکاؤٹ حائل نہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت کی جانب سے اجلاس کو آئندہ ماہ کی پولیو مہم اور حفاظتی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی اور ان اقدامات کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں پولیس ایف سی اور انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔