لاپتہ وکیل حماد دادن کسی بھی حکومتی ادارے کی تحویل میں نہیں،سیکرٹری دفاع

پیر 3 اگست 2015 16:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں مغوی وکیل حماد دادن کی بازیابی کے لئے دائر کیس میں سیکرٹری دفاع محمد عالم خٹک نے پیش ہو کر جواب عدالت میں پیش کر دیا ہے۔ گزشتہ روز جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی درخواست گزار کے وکیل نذر شہزاد اکبر‘ سیکرٹری دفاع محمد عالم خٹک اور ڈپٹی اٹارنی جنرل افنان کریم کنڈی عدالت میں پیش۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے سیکرٹری دفاع کی جانب سے جواب داخل کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ لاپتہ وکیل حماد دادن کسی بھی حکومتی ادارے کی تحویل میں نہیں ہے۔ مغوی وکیل کی بازیابی کے لئے حکومت اپنی تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔ اس دوران نذر شہزاد اکبر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ ابھی تک حکومت نے کیا کیا اقدامات کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حماد دادن کی ابھی تک بازیاب نہ ہونے میں آئی ایس آئی کی بدنیتی شامل ہے۔

اس پر عدالت نے کہا کہ آپ کسی بھی ادارے کو مورد الزام نہیں ٹھہرا سکتے بلکہ کسی شخص کو نامزد کر سکتے ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ مغوی وکیل بار کا ممبر ہے لہذا حکومت اس کیس کو سنجیدہ لے۔ بعد ازاں عدالت نے سیکرٹری محمد عالم خٹک کو حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے آئندہ ستمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔