Live Updates

تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے بارے قانون کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

پیر 3 اگست 2015 16:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے 2015ء کے بلدیاتی انتخابات میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے بارے قانون کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ۔ پی ٹی آئی خواتین ونگ کی صدر ڈاکٹر زرقا تیمور سہروردی نے عمرخان نیازی ایڈووکیٹ ، زینب لودھی ایڈووکیٹ اور زمان خان وردگ کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ پنجاب گورنمنٹ لوکل باڈی الیکشن 2013کے ضمن نمبر 14میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے بارے میں امتیازی حیثیت رکھتا ہے جو کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 51اور آرٹیکل 101جوکہ نیشنل اسمبلی اور صوبائی اسمبلی میں الیکشن میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے متعلق قانون کو واضع کرتا ہے ۔

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ حکومت پنجاب کو اس قانون کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانے سے بعض رکھا جائے ۔

(جاری ہے)

ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر زرقا تیمور سہروردی نے کہا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ، پچھلے سات سال سے (ن) لیگ کی حکومت نے غریب عوام کو مقامی حکومتوں سے محروم رکھا ہوا ہے ، شریف برادران ڈکٹیٹروں کی گود میں پلے بڑھے ہے اس لیے ان کا ہمیشہ مائینڈ سیٹ یہ رہا ہے کہ تمام اختیارات اپنے پاس رکھتے ہوئے اپنے انداز میں صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام حکمرانوں کی کسی چال میں نہیں آئیں گے بلکہ ایک آواز ہو کر عمران خان کی آواز پر لبیک کہیں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات