فاٹا میں سرمایہ کاری پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کے مترادف ہے ‘میاں زاہد حسین

عارضی طور پر بے گھر ہونے والوں کو نئی زندگی ملی ہے ‘ بیان

پیر 3 اگست 2015 16:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے فاٹا کی تعمیر نو اور عارضی طور پربے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کیلئے فوج قابل تعریف کردار ادا کر رہی ہے۔فوج کی قربانیوں اور ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل کے سبب فاٹا میں صورتحال اس حد تک بدل گئی ہے کہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار وہاں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔

میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جن افراد نے ابتداء میں فاٹا میں سرمایہ کاری کی وہ فائدے میں رہینگے۔ وزیر اعظم نواز شریف اس سلسلہ میں قابل قدر اقدامات کر رہے ہیں جبکہ بین الاقوامی ڈونرز کو بھی اپنی توجہ بڑھانی ہو گی کیونکہ فاٹا میں سرمایہ کاری پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کے مترادف ہے جس سے پاکستان کے علاوہ اس خطے اور ساری دنیا کا امن وابستہ ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ فوج نے فاٹا میں عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کیلئے بھی نتیجہ خیز اقدامات کر کے انکے دل جیت لئے ہیں جو بعض امن مخالف سیاستدانوں کو ہضم نہیں ہو رہے۔عارضی طور پر بے گھر ہونے والوں کو نئی زندگی ملی ہے۔ کیمپوں میں صورتحال اتنی تشویشناک نہیں جیسا کہ غیر ملکی ایجنڈا پر بے چینی پھیلانے والے عناصر بتا رہے ہیں۔

گزشتہ دس سال میں امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے وہاں بہت سی صنعتیں بند یا منتقل ہو گئی ہیں جس سے ہزاروں نوجوان بے روزگار ہو گئے ہیں جنھیں با عزت روزگار کی فراہمی ہم سب کی ذمہ داری ہے جو انھیں منفی سرگرمیوں سے روکنے کا سب سے بہتر آپشن ہے۔ فوج اپنا کام کر رہی دیگر شرکت دار بھی انفراسٹرکچر ، روزگاراور شہری سہولیات کی فراہمی کو اولیت دیں تاکہ نوجوان مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہوں۔

ماضی میں امریکہ نے فاٹا میں صنعتی زون بنانے اوران میں بھاری سرمایہ کاری کا وعدہ کیا تھا جس پر عمل نہیں ہو سکا مگر اس سے فاٹا کی ضروریات کم یا ختم نہیں ہوئیں۔امریکہ کی اپنی ترجیحات ہیں مگر پاکستان کو اپنی ترجیحات کو دیکھنا ہو نگی۔فاٹا میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خصوصی ترغیبات دی جائیں تاکہ وہاں صنعت، زراعت، لائیو سٹاک، ،معدنیات اور جنگلات کے شعبے ترقی کریں اورمقامی آبادی کو جلد از جلدقومی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :