بڑھتی ہوئی آبادی کو وسائل کے اندر رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے‘ بیگم ذکیہ شاہنواز

پیر 3 اگست 2015 16:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء)وزیر بہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہ نواز نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کو وسائل کے اندر رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔یہ بات یہاں انہوں نے ایک مقامی ہوٹل میں محکمہ بہبود آبادی کے زیراہتمام اور یو این ایف پی اے کے تعاون سے یوم بہبود آبادی کے عالمی دن کے حوالے سے ”ہنگامی حالات میں غیر محفوظ آبادی “ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی یوم آبادی کا مقصد بڑھتی ہوئی آبادی کے اقتصادی و سماجی صورتحال پر اثرات کو اجاگر کرنا ہے۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جاوید اکرم، پروفیسر سعید شفقت، چیف ایڈیٹر پاکستان نیوز مجیب الرحمن شامی، علامہ محمد شہزاد مشہدی، کنٹری ڈائریکٹر یواین ایف پی اے کی سارہ مشعل نے شرکت و خطاب کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہاکہ زندگی کے ہر شعبے میں خوشحالی سے ہمکنار ہونے کیلئے وسائل اور آبادی میں اضافے کی شرح میں نہایت مناسب تناسب ہونا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں آبادی میں اس تیز رفتار اضافے کو روکنے کیلئے ہرممکن اقدامات کرنے ہوں گے جس کیلئے خصوصاً دیہی علاقوں میں اساتذہ اور علماء کرام عوام میں شعور بیدار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔بیگم ذکیہ شاہ نواز نے کہاکہ اس سال پاکستان کی آبادی میں 180ملین کا اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا ملک ہے۔ہماری آبادی کا پانچواں حصہ غربت سے نیچے زندگی گزار رہاہے اور ہر 20منٹ میں ایک عورت زچگی کی پیچیدگیوں کے باعث جاں بحق ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب حکومت عوام کو بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل سے مختلف فورمزپر آگاہی دے رہی ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی کی وجوہات میں نقل مکانی ، ناخواندگی، خاندان کی تعداد محدود رکھنے، جلد و زیادہ بچے پیدا کرنا تاکہ زیادہ افراد کما سکیں اور لڑکے کی خواہش سرفہرست ہیں۔قبل ازیں محکمہ بہبود آبادی کے سیکرٹری الطاف ایزد خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور محکمہ بہود آبادی کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ بہبودآبای اپنے فرائض سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور خاندانی منصوبہ بندی کا پیغام اور ادویات گھرگھر پہنچانے کیلئے دن رات مصروف عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے خاندان کا شعور اجاگر کرنے کیلئے محکمہ بہبود آبادی ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر قائم مراکز کے ذریعے سہولیات مہیا کر رہا ہے۔آخر میں بیگم ذکیہ شاہ نواز نے محکمہ کے افسران میں شیلڈز اور میرٹ سر ٹیفکیٹ تقسیم کئے۔