پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے کشمیری افتخار اور سکون محسوس کررہے ہیں ‘ رُجحان کو بزورِطاقت ختم نہیں کیا جاسکتا ‘ اعظم انقلابی

پیر 3 اگست 2015 16:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر محاذِ آزادی کے سرپرست محمد اعظم انقلابی نے11 اگست2008ء کو مظفر آباد کی طرف مارچ کرتے ہوئے شہیدہونے والے حریت رہنما شیخ عبدالعزیز اور دوسرے شہداء کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے جن کو بھارتی فورسز نے اوڑی کے مقام پر شہید کیا تھا۔ سرینگر سے جاری ایک بیان میں محمد اعظم انقلابی نے کہا کہ حریت رہنماؤں سید علی گیلانی اور میرواعظ عمرفاروق نے مظفرآباد چلو کی کال دی تھی ۔

شیخ عبدالعزیز ، شبیراحمد شاہ ،نعیم احمد خان اور پیرسیف الله کی قیادت میں حریت پسندوں کا ایک قافلہ سوپور سے روانہ ہو اِ اور بھارتی فوج اور پولیس نے اُوڑی میں اس پُرامن جلوس کو گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دس حریت پسند شہید اور 100 کے قریب زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

شہید ہونے والوں میں شیخ عبدالعزیز بھی شامل تھے۔ اِنہوں نے کہا کہ اب تک چھ لاکھ فدائین کشمیر آزادی کے مطالبے کی پاداش میں شہید ہوچکے ہیں جن میں مقبول بٹ، افضل گورو، میرواعظ مولوی فاروق، ڈاکٹر قاضی نثار، خواجہ عبدالغنی لون، ایس حمید، ڈاکٹر غلام قادر وانی، ایڈووکیٹ حسام الدّین، جلیل اندرابی، شمس الحق، مقبول الہٰی، جنرل اشفاق مجید وانی اور مولانا شوکت شاہ جیسے رہنما شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے علاقے میں پتھری بل، گاوٴکدل اور چھٹی سنگھ پورہ جیسے دردناک مناظرمتعدد بار دہرائے اور بھارت کا ہر ایک فوجی جنرل ڈائر کا کردارادا کرنے کیلئے بیقرار رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانین نے بھارتی فوجیوں کو اور دلیر بنادیا ہے اورعلاقے میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کی وجہ سے عدم تحفّظ اور بے یقینی کی کیفیت پیدا ہوئی ہے۔ محمد اعظم انقلابی نے کہا کہ پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے کشمیری افتخار اور سکون محسوس کررہے ہیں اور کشمیریوں کے اِس ملّی رُجحان کو بزورِطاقت ختم نہیں کیا جاسکتا۔