ملکی سیاسی و عسکری قیادت کا ضرب عضب اور کراچی آپریشن کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار

پیر 3 اگست 2015 15:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی، ملکی سیاسی و عسکری قیادت نے آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن میں اب تک کی کامیابیوں کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں آپریشنز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا، کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا موثر جواب دینے کیلئے اور معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کیلئے حکمت عملی پر غور کیاگیا، ملاقات میں علاقائی صورتحال کے تناظر میں افغانستان میں مفاہمتی عمل کا جائزہ لیا اور آپریشن ضرب عضب ، کراچی آپریشن سمیت ملکی داخلی و سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

پیر کو وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی میجر جنرل رضوان اختر، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں ملکی کی اندرونی اور سرحدی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں قومی ایکشن پلان پر پیشرفت اور آپریشن ضرب عضب میں اب تک کی کامیابیوں کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سیاسی وعسکری قیادت کی ملاقات میں کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت ، کراچی آپریشن ،ملا عمر کی ہلاکت کے بعد افغان مذاکرات اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں افغانستان میں مفاہمتی عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔