پمز کے ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اور نرسسز سٹاف کا پمز کو شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی سے علیحدہ کرنے کے حق میں مظا ہرہ

مطالبات نہ ماننے پر روزانہ احتجاج اور دورانیہ بڑھانے کا بھی اعلان

پیر 3 اگست 2015 15:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے ہسپتال پمز کے ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اور نرسسز سٹاف نے پمز کو شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی سے علیحدہ کرنے کے حق میں ہیں علامتی مظاہرہ کیا ۔ مطالبات نہ ماننے پر روزانہ احتجاج اور دورانیہ بڑھانے کا بھی اعلان کر دیا ۔ ملک کے دور دراز علاقے سے آئے ہوئے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

پیر کے روز وفاقی دارالحکومت اسلا آباد میں موجود پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اور نرسز سٹاف نے پمز ہسپتال کے احاطے میں موجود میڈیکل یونیورسٹی کو ہسپتال سے علیحدہ نہ کرنے پر علامتی احتجاج کیا ۔ احتجاج کا دورانیہ ڈاکٹرز اور سٹاف کی جانب سے 2 گھنٹے کے لئے رکھا گیا تھا جس کے بعد ڈاکٹرز ، پیرامیڈیکل اور نرسز سٹاف واپس ڈیوٹی پر چلے گئے تھے جبکہ اس موقع پر ڈاکٹرز نے اعلان کیا ہے کہ اگر یونیورسٹی کو ہسپتال سے علیحدہ کرنے کا مطالبہ نہ مانا گیا تو پھر روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کیا جائے گا اور وقت کے ساتھ ساتھ احتجاج اور مظاہروں کا دورانیہ بھی بڑھا دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ میڈیکل یونیورسٹی کی وجہ سے ہسپتال کے کاموں میں مشکلات ہوتی ہیں ۔حکام کو چاہئے کہ وہ میڈیکل یونیورسٹی کو فوری طور پر ہسپتال سے علیحدہ کرے تاکہ ہسپتال میں آئے مریضوں اور عملے کی مشکلات کم ہوں ۔ ڈاکٹرز کے احتجاج کے دوران مختلف شہروں سے آئے مریض رل کر رہ گئے اور احتجاج ختم ہونے کا انتظار کرتے رہے جبکہ او پی ڈی اور ایمرجنسی میں سٹاف کی کمی کی وجہ سے ہزاروں مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔