بچوں کے ادارے ”نگہبان“ کی خستہ حال عمارت کی چھتیں ٹپکنے لگیں

پیر 3 اگست 2015 15:01

ملتان ۔3 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء)محکمہ سوشل ویلفیئر کے ادارہ نگہبان سنٹر کی خستہ حال عمارت ٹوٹ پھوٹ کاشکارہو گئی،عمارت کی چھتیں ٹپکنے لگیں جبکہ دیواریں کسی بھی وقت گرسکتی ہیں۔بارش کاپانی جمع ہوجانے کے کے باعث نکاسی کاکوئی سسٹم موجودنہیں۔پچھلے پانچ سالوں سے کئی بار در خواست بھجوانے کے باوجودتاحال عمارت کی تعمیر ومرمت نہیں کرائی گئی ۔

ادارے میں گیس میٹر بھی نہیں،تین سال پہلے ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی کے باوجود تاحال گیس میٹر نہیں لگایاگیا جبکہ پچھلے تین برسوں سے ہی ادارے کی ایڈوائزری کمیٹی بھی تشکیل نہیں دی گئی۔ادارے کے سپروائزر محمد امجد کے مطابق ہیڈ آ فس لاہور سے ہمیں بچے ریسکیو کرنے کی اجازت نہیں ہے جبکہ سماجی اداروں ،شہری یا پولیس ہیلپ لائن کی جانب سے ہمیں بچوں کی نشاندہی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بارش ہونے کی صورت میں پانی کی نکاسی کاکوئی سسٹم موجودنہیں۔عمارت کی دیواریں کسی بھی وقت گرسکتی ہیں کئی باردرخواستیں بھجوانے کے باوجود تاحال کوئی مرمت نہیں کرائی گئی ۔انہوں نے بتایاکہ جنوری2015ء سے لیکر31جولائی تک 29بچے ریسکیو کیے گئے جن میں سے گھر سے بھاگے ہوئے 20جبکہ گمشدہ 9بچے تھے جنہیں ضروری کارروائی کے بعد ان کے ورثاء کے حوالے کردیاگیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم اد ارے میں سے دو سے تین ماہ تک کے بچوں کو رہائش دے سکتے ہیں۔جن بچوں کے ورثاء نہیں ملتے تو ایسی صورت میں ہم ان بچوں کو لاہور یا بہاولپور کے یتیم خانے یا پھرچائلڈ پروٹیکشن ریفر کردیتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایاکہ 14سال کی عمر کے لڑکوں کو نگہبان سنٹر میں پناہ دی جاتی ہے جبکہ لڑکیوں کوہم فوری طورپر دارالامان بھجوادیتے ہیں۔