تارکین وطن کی شکایات کے فوری اور بروقت ازالہ کے لئے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر خصوصی ڈیسک کے افتتاح کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،شکایات کمشنر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ

پیر 3 اگست 2015 15:01

اسلام آباد ۔ 03 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے شکایات کمشنر حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہا ہے کہ تارکین وطن کی شکایات کے فوری اور بروقت ازالہ کے لئے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر تارکین وطن کے لئے قائم خصوصی ڈیسک کے 5ا گست کو افتتاح کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس ضمن میں افتتاحی تقریب کو حتمی شکل دینے کے لئے کل 4اگست کو کراچی ائرپورٹ پر اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

یہ ملک میں تیسری سہولت قائم ہونے جا رہی ہے جس کیا مقصد تارکین وطن پاکستانیوں کے روزمرہ اور دیرینہ حل طلب شکایات کا ہوائی اڈوں پر ازالہ کرنا ہے۔ جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی کے بعد پشاور ائرپورٹ پر یہ سہولت قائم کی جائے گی جس کے لئے شکایات کمشنر نے متعلقہ محکموں کا اجلاس پہلے سے ہی 22اگست کو پشاور میں طلب کرلیا ہے جس میں سہولت ڈیسک کے قیام سے متعلق تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد اور لاہور ہوائی اڈوں پر پہلے ہی سہولت ڈیسک قائم کئے جا چکے ہیں جس کی نگرانی وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کر رہا ہے۔ شکایات کمشنر نے چند روز قبل اس سلسلہ میں متعلقہ محکموں کو خطوط ارسال کیے ہیں تا کہ پہلے سے قائم سہولیات ڈیسک سے متعلق فیڈبیک حاصل کر سکیں۔ حافظ احسان کھوکھر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ سہولت ڈیسک صرف شکایات رجسٹر کرنے کے لئے نہیں بلکہ شکایات کے فوری ازالہ اور معیاری خدمات کی فراہمی اور ادارہ جاتی کلچر کے فروغ کے لئے قائم کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے تمام اداروں کو کہا ہے کہ وہ کوئٹہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان اور گوادر میں بی سہولیات ڈیسکوں کے قیام کے لئے کام شروع کریں جو آئندہ ماہ کھولے جائیں گے۔ انہوں نے اپنی ہدایات میں کہا کہ تمام اداروں کو چاہیے کہ وہ پہلے سے وضع کردہ ایس او پیز پر پورا اترنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ون ونڈو سہولت ڈیسک ستمبر کے پہلے ہفتے میں قائم کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں انہوں نے ایجنسیوں سے 20اگست تک رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سہولت ڈیسک تارکین وطن سے متعلقہ ادارہ جاتی مسائل کو حل کرنا بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اور بیرون ملک تمام پاکستانی سفارتخانوں میں فوکل پرسنز کے تقرر کے علاوہ ایک خودمختار ویب سائٹ کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ حافظ احسان کھوکھر نے خاص طور پر سول ایوی ایشن اتھارٹی پر زور دیا کہ انٹرنیشنل ائرپورٹس پر ٹیکسوں کو عالمی معیار کے مطابق سٹریم لائن کریں۔

متعلقہ عنوان :