سی ڈی اے نے آئی الیون کچی آبادی کو خالی کرانے کے بعد ترقیاتی کام شروع کر دیا ، پلاٹنگ کا کام جلد مکمل کر کے قبضہ الاٹیوں کو دیا جائے گا

پیر 3 اگست 2015 14:59

اسلام آباد ۔ 3 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) نے آئی الیون کچی آبادی کو خالی کرانے کے بعد وہاں ترقیاتی کام شروع کر دیا ہے اور پلاٹنگ کے کام کو جلد مکمل کر کے قبضہ الاٹیوں کو دیا جائے گا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر اب تک دارالحکومت میں پانچ کچی آبادیوں کو مسمار کیا گیا ہے اور غیر قانونی کچی آبادیوں کے خاتمے تک دارالحکومت میں آپریشن جاری رہے گا۔

سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اقبال تنولی نے پیر کو ”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء“ کو بتایا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر سیکٹر آئی الیون میں واقع کچی آبادی کے خلاف چار روز میں آپریشن مکمل کر کے کچی آبادی کے تمام اسٹیٹ ونگز کو ہدایت کی ہے کہ اس سیکٹر کے الاٹیوں کو ان کے پلاٹوں کا قبضہ دینے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں کیونکہ الاٹیوں کو گزشتہ کئی سالوں سے پلاٹس کے قبضے کے حصول کے لئے مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے کہا کہ آئی الیون میں کئی سالوں سے قابضین نے قبضہ کر رکھا تھا اب چونکہ آئی الیون کی تمام کچی آبادیاں خالی کرائی جا چکی ہیں اور وہاں پر 25x50 کے 887 پلاٹس کے ترقیاتی کام مکمل کرنے کے بعد الاٹیوں کے حوالے کریں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے پلاننگ ونگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیکٹر کی ضروری الاٹمنٹ اور منصوبہ بندی تیزی سے مکمل کرے۔

محمد اقبال تنولی نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سی ڈی اے نے اب تک پانچ کچی آبادیوں کو مسمار کر دیا ہے جن میں آئی الیون، آئی الیون فور، آئی ٹین، ایچ ٹین اور مارگلہ ٹاؤن شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل اور عامر علی احمد کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد کو تجاوزات سے مکمل طور پر صاف کیا جائے گا اور جہاں پر تجاوزات نظر آئیں ان کو فوری طور پر مسمار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے لینڈ پر کل 18 کچی آبادیاں ہیں جن کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر مکمل طور پر مسمار کریں گے اور کچی آبادیوں کے خلاف آپریشن تجاوزات کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :