دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، کچے کے لوگ جلد محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں،کمشنر سکھر

پیر 3 اگست 2015 14:59

سکھر ۔ 3 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں مسلسل پانی میں اضافہ ہورہا ہے، کچے کے لوگ ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قادپور شینک بند کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد طاہر وٹو اور ایم ڈی سیڈا بابر آفندی سمیت متعلقہ محکموں کے عملدار کمشنر کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر نے کہا کہ کوہ سلیمان پر مسلسل بارشیں ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے دریائے سندھ کے پانی میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے ایم ڈی سیڈا کو کہا کہ قادپور شینک بند کو 2010ء والی صورتحال سے اوپر کیا جائے تاکہ پانی میں اضافہ ہو نے کے بعد بھی شینک بند کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 50 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جن کو صحت کی سہولتوں سمیت راشن و دیگر امدادی سامان فراہم کیا جارہا ہے جبکہ لوگوں کو سامان اور مویشی منتقل کرنے کے لیے کشتیاں اور پٹرول فراہم کر رہے ہیں۔