پانی کے زیادہ دباؤ والے علاقوں کو پی ڈی ایم اے سے مزید کشتیاں دلوائی جائیں، وزیراعلیٰ سندھ

پیر 3 اگست 2015 14:59

سکھر ۔ 3 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے معاون خصوصی برائے رلیف محمد حسن ہنگورو کو ہدایت کی ہے کہ جن علاقوں میں پانی کا دباؤ ہے ان کو پی ڈی ایم اے سے مزید کشتیاں دلوائی جائیں جس میں سکھر اور گھوٹکی اضلاع کے لئے 30,30 جبکہ خیرپور ضلع کے لیے 40 کشتیاں فوری فراہم کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ریلیف کے کاموں کے لئے ہر ضلع کے لئے 5,5 ملین روپے جاری کئے جائیں گے جس کے لئے محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

اس موقع پر صوبائی سیکریٹری آبپاشی سید ظہیر حیدر شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بچاؤ بندوں پر پانی کے دباؤ کی وجہ سے کوئی خطرہ نہیں ہے، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کے عملدار 24 گھنٹے نگرانی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بات وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو دی جانیوالی ایک بریفنگ میں بتائی گئی۔ سیکریٹری آبپاشی نے مزید بتایا کہ سکھر بیراج سے 7 لاکھ 25 ہزار کیوسک پانی گزرے گا اور کوہ سلیمان پر مزید برسات کی وجہ سے پانی میں اضافے کا اندیشہ ہے، اس کے باوجود ہم نے 9 لاکھ کیوسک پانی گزارنے کی تیاری کی ہے۔

بعد ازاں کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے سکھر ڈویژن میں سیلاب متاثر اضلاع میں ریلیف کی سرگرمیوں بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کچے کے علاقوں کے کافی افراد کو بچاؤ بندوں پر قائم محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ متاثرین کو طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ میڈیکل کیمپ ،وٹرنری کیمپ بھی لگائے گئے ہیں جہاں ان افراد کے علاج معالجے کے ساتھ ساتھ ان کے مال مویشیوں کو بھی ویکسین کی جارہی ہے۔ کمشنر سکھر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ کچے کے علاقوں سے متاثرین کو پکے اور محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لیے پی ڈی ایم اے نے بوٹس کم تعداد میں فراہم کی ہیں جس سے کافی مشکلات پیش آرہی ہیں اور متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے فنڈز فراہم کئے جائیں۔