وطن عزیز کو سکیورٹی مسائل اور سرحد پار سے جارحیت کا سامنا ہے،ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا عزم کر رکھا ہے ‘ میجر جنرل عمر فاروق برکی

پیر 3 اگست 2015 13:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی نے کہا ہے کہ سرحد پار جارحیت کے بھرپور مقابلے ، دہشتگردی کے خاتمے اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا عزم کر رکھا ہے ۔گزشتہ روز لاہور میں پاکستان رینجرز پنجاب کے 23ویں انسداد دہشت گردی دستے کی پاسنگ آؤٹ تقریب رینجرز ہیڈکوارٹرز میں ہوئیجس میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر فاروق برکی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔

انسداد دہشت گردی فورس کے 23ویں دستے کے 120نوجوانوں نے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔اس موقع پرتربیت یافتہ نوجوانوں نے دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں پر قابو پانے کے حوالے سے مختلف فارمیشنز کے عملی مظاہرے کیے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی نے کہا کہ وطن عزیز کو سکیورٹی مسائل اور سرحد پار سے جارحیت کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ملکی سلامتی کو درپیش خطرات کے مقابلے اور وطن عزیز کے ناقابل تسخیر بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے رینجرز کا کلیدی کردار ہے۔رینجرز کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ تربیت حاصل کرنے والے جوانوں کو دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے بہترین حکمت عملی اپنانا ہوگی۔انہوں نے ٹریننگ حاصل کرنے والے جوانوں کی مشقوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمن پر قابو پانے کے لیے فورس اہم کردار ادا کرے گی۔