گوجرانوالہ: کار ٹرین انجن کی زد میں آنے سے 4افراد جاں بحق، 2زخمی

پیر 3 اگست 2015 12:57

گوجرانوالہ: کار ٹرین انجن کی زد میں آنے سے 4افراد جاں بحق، 2زخمی

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء)گوجرانوالہ کی تحصیل کامونکی میں پھاٹک عبور کرتے ہوئے کار ٹرین انجن کی زد میں آگئی۔ حادثے میں 3کار سوار اور پھاٹک کا چوکیدار جاں بحق، جبکہ 2افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق 5افراد زیغم، ارسلان، عامر، عمران اور غلام دستگیر سیالکوٹ سے لاہور ایئرپورٹ جارہے تھے۔

(جاری ہے)

اس دوران کامونکی دیوان روڈ پر واقع ریلوے پھاٹک بند ہونے کے باوجود کار پھاٹک توڑتے ہوئے ریلوے ٹریک پر جا پہنچی، جہاں وہ ٹرین کے انجن کی زد میں آگئی، جس سے عمران، عامر اور غلام دستگیر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔

حادثے میں 2افراد زیغم اور ارسلان زخمی بھی ہوئے، جبکہ کار کی ٹکر سے پھاٹک کا چوکیدار بھی جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد دینے کے لیے اور لاشوں کو پوسٹ ماٹم کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، کار میں سوار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، جو ڈسکہ کے گاوں بندے کوٹ کے رہائشی تھے۔