حساس ادارے اور سیکورٹی فورسز کی چاغی کے قریب پاک افغان بارڈر پر کارروائی کے دوران القاعدہ کا اہم کمانڈر فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا جبکہ اس کی بیوی اور 2 بچو ں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، کمانڈر عمر لطیف عرف لقمان پنجاب میں پولیس تھانوں حساس مقامات اور سرکاری تنصیبات سمیت 15 مقامات پر بم دھماکوں اور حملوں میں ملوث تھا، حکومت پنجاب نے اس کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر کررکھی تھی، دہشت گرد اس خوش فہمی میں نہ رہیں کہ بلوچستان ان کیلئے محفوظ پناہ ہوگا ،دہشت گرد جہاں بھی ہونگے ان کیخلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائیگی،وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی پریس کانفرنس

اتوار 2 اگست 2015 21:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 اگست۔2015ء) وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی اور سیکورٹی فورسز نے چاغی کے قریب پاک افغان بارڈر پر ایک کارروائی کے دوران القاعدہ کا ایک اہم کمانڈر کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کردیا جبکہ اس کی بیوی اور 2 بچو ں کو حراست میں لے لیا گیا ہے کمانڈر عمر لطیف عرف لقمان پنجاب میں پولیس تھانوں حساس مقامات اور سرکاری تنصیبات سمیت پندرہ مقامات پر بم دھماکوں اور حملوں میں ملوث تھا حکومت پنجاب نے اس کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر کررکھی تھی سول سیکرٹریٹ میں سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہاکہ پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس ایس نے ایک اہم آپریشن کے دوران القاعدہ کے ایک اہم کمانڈر عمر لطیف عرف لقمان کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کردیا عمر لطیف اپنے بھائی بیوی 2 بچوں اور بہنوئی سمیت 9 ماہ قبل افغانستان کے علاقے نمروز سے چاغی منتقل ہوا تھا جہاں وہ ایک کمپاؤنڈ میں رہائش پذیر تھا وہاں سے دہشت گردی کے واقعات کو کنٹرول کررہا تھا ملزم پنجاب میں حساس اور سرکاری تنصیبات میں حملوں پر 15 سے زائد واقعات میں ملوث تھا حکومت پنجاب نے ملزم کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر کررکھی تھی انہوں نے کہاکہ آپریشن کے دوران ملزم نے اپنی بیوی اور دو بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا تاہم سیکورٹی فورسز کی بہتر حکمت عملی اور اپنے آپ کو خطرے میں ڈال کر بیوی اور بچوں کو محفوظ بنایا جبکہ ملزم کو ہلاک کردیا انہوں نے کہاکہ اس کا بھائی بلال جو بھاگنے میں کامیاب ہوگیا جنوبی پنجاب میں دہشت گردی کے واقعات میں نہ صرف ملوث ہے بلکہ واقعات کی نگرانی بھی کررہا تھا اس کے سر کی قیمت بھی 20 لاکھ روپے مقرر ہے عمر لطیف کی بیوی طیبہ عرف مریم باجی بھی القاعدہ خواتین ونگ بلوچستان کی سربراہ تھی اس کے سر کی قیمت بھی 5 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی طیبہ عرف مریم باقاعدہ طور پر سیکورٹی فورسز کی ریکی کرتی تھی اور اس کے علاوہ اغواء برائے تاوان کے واقعات میں بھی ملوث تھی ملزمان لاہور کے رہائشی ہیں گرفتار خاتون اور بچوں کو جلد حکومت پنجاب کے حوالے کردیا جائیگا انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستان کی حکمت عملی اور سیکورٹی فورسز کی کوششوں اور قربانیوں سے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے مختلف آپریشنز کے دوران ہمیں بڑے پیمانے پر کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا انہوں نے دہشت گردوں کو خبردار کیا کہ وہ اس خوش فہمی میں نہ رہیں کہ بلوچستان ان کیلئے محفوظ پناہ ہوگا دہشت گرد جہاں بھی ہونگے ان کیخلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائیگی الطاف حسین کی پاک فوج کیخلاف نازیبا الفاظ کی شدیدمذمت کرتے ہیں وزیر داخلہ نے کہاکہ وہ برطانیہ کے شہری بن کر بدمعاشی کررہا ہے اگر انہیں سیاست کا شوق ہے تو وہ یہاں آکر اپنا شوق پورا کریں ۔