آئے دن آنے والے سیلابوں پر قابو پانے کیلئے بڑے آبی ذخائر کی تعمیر و تکمیل کے سِوا کوئی چارہ نہیں‘کالا باغ ڈیم بننے دیا جاتا تو دریائے سندھ کے دونوں طرف آباد لاکھوں پاکستانی سیلاب کی تباکاریوں سے محفوظ ہوچکے ہوتے، شدید مشکلات سازشوں اور رکاوٹوں کے باوجود پاکستان کو محفوظ اور مستحکم بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی مختلف عوامی وفود سے گفتگو

اتوار 2 اگست 2015 19:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ شدید مشکلات سازشوں اور رکاوٹوں کے باوجود پاکستان کو محفوظ اور مستحکم بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے، میاں نوازشریف نے ہر اہم قومی فیصلہ قومی سیاسی قیادت کی مشاورت کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ اپنے حلقہ ٴ انتخاب میں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آئے دن آنے والے سیلابوں پر قابو پانے کے لیے بڑے آبی ذخائر کی تعمیر و تکمیل کے سِوا کوئی چارہ نہیں۔

حکومت ڈیموں کی تعمیر کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ کالا باغ ڈیم بننے دیا جاتا تو دریائے سندھ کے دونوں طرف آباد لاکھوں پاکستانی سیلاب کی تباکاریوں سے محفوظ ہوچکے ہوتے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا کی حکمران جماعتوں کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر اتفاقِ رائے کے حصول کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ سندھ اور خیبر پختونخوا کو شامل کئے بغیر کالا باغ ڈیم تعمیر نہیں ہوسکتا۔

اُنہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے مخالفین دریائے سندھ کے لاکھوں سیلاب متاثرین کے مصائب کے ذمہ دار ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ پاکستان ریلویز پر عوام کا اعتماد تیزی سے بحال ہورہا ہے، چنانچہ بہت سی ریل گاڑیوں میں کئی کئی روز کی ایڈوانس بکنگ ہورہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ریل گاڑیوں کی گنجائش میں اضافے اور انٹرنیٹ سمیت مختلف ذرائع سے ٹکٹوں کے حصول کو ممکن بنانے پر کام جاری ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ ریلویز میں محکمانہ ڈسپلن اور مالی وسائل کے درست استعمال کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔