فیڈرل بورڈ سروس کمیشن کی نااہلی سامنے آگئی ،گزشتہ سال گریڈ 18 اور اس سے اوپر کی آسامیوں کے امتحانات کے نتائج کا اعلان تاحال نہ ہوسکا ، امیدواروں کا تحفظات کا اظہار

اتوار 2 اگست 2015 19:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 اگست۔2015ء) فیڈرل بورڈ سروس کمیشن کی نااہلی سامنے آگئی ،گزشتہ سال گریڈ 18 اور اس سے اوپر کی آسامیوں کے امتحانات کے نتائج کا اعلان تاحال نہ ہوسکا ، امیدواروں کا تحفظات کا اظہار ۔ اتوار کو ذرائع نے بتایا کہ کمیشن جان بوجھ کر نتائج کے اعلان میں تاخیر سے کام لے رہا ہے تاکہ ایک نجی ٹیسٹنگ سروس کا فعال کیا جاسکے ۔

فیڈرل بورڈ سروس کمیشن پاکستان کا بھرتیوں کے حوالے سے سب سے بڑا قومی ادارہ ہے ، مقابلے کے امتحانات کا انعقاد کرتا ہے مگر گزشتہ چند برسوں سے ادارے کی کارکردگی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے ۔ ادارے نے اکتوبر 2014ء میں گریڈ 18 اور اس سے اوپر کی خالی آسامیوں پر بھرتی کیلئے امتحانات لئے تھے جس میں ملک بھر سے ہزاروں امیدواروں نے شرکت کی تھی تاہم ان امتحانات کے نتائج کا اعلان تاحال نہیں ہوسکا ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اس حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایک نجی ٹیسٹنگ سروس کو کامیاب بنانے کیلئے کچھ عناصر متحرک ہیں اور وہ مذکورہ ادارے کی ساکھ خراب کرنے میں تلے ہوئے ہیں ۔ ذرائع نے کہا کہ نتائج کے اعلان میں جان بوجھ کر تاخیر سے کام لیا جارہا ہے جس کی وجہ سے مقابلے کے امتحانات میں حصہ لینے والے امیدوار سکت ذہنی اذیت کا شکار ہیں ۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ایف پی ایس سی نے امتحانی نظام میں تبدیلی کے بعد بھی پرانے امتحانی نظام کو رائج کر رکھا ہے ۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ قومی ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچا کر ایک نجی ٹیسٹنگ سروس کو فعال کرنے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ عوام کا اعتماد کمیشن سے اٹھ جائے ۔