حساس ادارے کی کارروائی ، بلوچستان میں القاعدہ برصغیر کا مطلوب کمانڈر ہلاک ہوگیا،مارے گئے دہشتگرد پر30لاکھ روپے کا انعام مقررتھا، بلوچستان میں کسی دہشتگرد کو نہیں رہنے دیا جائے گا ،صوبے میں دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، الطاف حسین برطانوی شہری ہیں انکے بیانات قابل مذمت ہیں،الطاف حسین کو سیاست اور زبان درازی کا شوق ہے تو یہاں آکر سیاست کریں،وزیر داخلہ بلوچستان سرفرا زبگٹی کی پریس کانفرنس

اتوار 2 اگست 2015 19:12

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 اگست۔2015ء) وزیر داخلہ بلوچستان سرفرا زبگٹی نے کہا ہے کہ حساس ادارے کی کارروائی میں بلوچستان میں القاعدہ برصغیر کا مطلوب کمانڈر ہلاک ہو گیا، مارے گئے دہشتگرد پر30لاکھ روپے کا انعام مقررتھا، بلوچستان میں کسی دہشتگرد کو نہیں رہنے دیا جائے گا ،صوبے میں دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا الطاف حسین برطانوی شہری ہیں انکے پاکستان مخالف بیانات کی شدید مذمت کرتے ہیں،الطاف حسین کو سیاست اور زبان درازی کا شوق ہے تو یہاں آکر سیاست کریں۔

اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہاکہحساس ادارے نے کارروائی کر کے القاعدہ کمانڈر کو ہلاک کر دیاہے، مرنے والے دہشتگرد کی شناخت عمر لطیف عرف لقمان کے نام سے ہوئی جبکہ اس کی بیوی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں کسی دہشتگرد کو نہیں رہنے دیا جائے گا ، دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہلاک کمانڈر عمر لطیف پر تیس لاکھ روپے کا انعام مقررتھاوہ بلوچستان میں القاعدہ برصغیر کا کمانڈر تھا۔ الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقریر کے سوال پر انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین برطانوی شہری ہے وہ وہاں بیٹھ کر پاکستان کیخلاف زبان درازی کرتا ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں،الطاف حسین کو سیاست اور زبان درازی کا شوق ہے تو یہاں آکر سیاست کریں۔