پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارشیں تباہی پھیلانے لگیں ، چھتیں گرنے سے باپ بیٹی سمیت 9 افراد جاں بحق

تین زخمی ہسپتال منتقل،کرک میں بھی آٹھ گھروں کی چھتیں گر گئیں، چراٹ میں 217 ملی میٹر بارش ریکارڈ

اتوار 2 اگست 2015 12:09

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارشیں تباہی پھیلانے لگیں ، چھتیں ..

میاں چنوں / کرک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 اگست۔2015ء) پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشیں تباہی پھیلانے لگیں،پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں جاری بارشوں سے پیش آنے والے حادثات اورواقعات میں9 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔پاک پتن کی پرانی سبزی منڈی کے قریب بوسیدہ چھت گرنے سے ماں اپنے دو بیٹوں زندگی کی بازی ہارگئی۔

ڈیرہ غازی خان کے علاقے رکن آباد میں گھر کی چھت گرنے سے بچہ جاں بحق ہوگیا، میاں چنوں کے علاقے کوٹھی نند سنگھ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے باپ اوربیٹی جاں بحق جب کہ 2 افرادزخمی ہوگئے۔ اس کے علاوہ ٹانک کے علاقے خدراں والا میں بھی کرنٹ لگنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی تاہم کرک کے علاقے عمرآباد میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 2 خواتین جاں بحق ہو گئے ۔

(جاری ہے)

کرک میں موسلادھار بارش سے 8 گھروں کی چھتیں منہدم ہوگئیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کی گئی بارش میں سب سے زیادہ بارش چراٹ میں 217 ملی میٹر جبکہ کوہاٹ 115، رسالپور 75، بہاولپور (ائیرپورٹ 58، سٹی 18)، ڈی جی خان 57، سیدو شریف 51، جوہر آباد، ساہیوال 45، بہاولنگر 41، پشاور (ایئرپورٹ 41، سٹی 40)، شور کوٹ 40، ڈی آئی خان، اوکاڑہ 39، بھکر 38، بالاکوٹ، سرگودھا 36، دیر 30، بارکھان 25، راولاکوٹ 24، منڈی بہا وٴالدین 22، لاہور (سٹی 18، ایئرپورٹ 06)، نورپورتھل، مالم جبہ 16، راولپنڈی (بوکڑہ 15، چکلالہ 07، شمس آباد 04)، دروش 14، اسلام آباد (سیدپور 12، گولڑہ 08، زیروپوائنٹ 07) ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد 12، چکوال، مری، چترال 11 اور میر خانی 10 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔