دوسرا ٹی ٹونٹی ، شاہینوں نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کوایک وکٹ سے شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش کر دیا

ہفتہ 1 اگست 2015 22:36

دوسرا ٹی ٹونٹی ، شاہینوں نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کوایک وکٹ ..

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) پاکستانی شاہینوں نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کیخلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 4 گیندیں پہلے میچ جیت کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ پاکستانی آل راؤنڈرز کپتان شاہد آفریدی‘ انور علی ‘ عماد وسیم چھا گئے‘ انور علی نے ملنگا کو دھو ڈالا ‘ سری لنکا کی جانب سے جیت کیلئے دئیے گئے 173 رنز کے ہدف کو 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسری پوزیشن بھی حاصل کرلی ‘ سری لنکا کی جانب سے کیپو گیدرا 48اور جے سوریا40 رنز بنا کر نمایاں رہے‘ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک کی 2‘ انور علی ‘ عرفان ‘ سہیل تنویر ‘ شاہد آفریدی کی ایک ایک وکٹ ‘ پاکستانی ٹاپ آرڈر فیل ہونے کے بعد شاہد آفریدی کی کپتان اننگز 22 گیندوں پر 45 ‘ انور علی کی 17گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے برق رفتار 46 رنز ‘ عماد وسیم نے 14 گیندوں پر 24 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا‘شاندار کارکردگی پر انور علی مین آف دی میچ اور سمارٹ پلیئر آف دی میچ اور شعیب ملک پلیئر آف دی سیریز قرار‘صدر ممنون حسین ‘ وزیر اعظم نواز شریف‘ شہباز شریف ‘ عمران خان کی قومی ٹیم کو تاریخی فتح پر مبارکباد۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو کولمبو کے پریما داسا سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکن قائد لیستھ ملنگا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تاہم عمدہ باؤلنگ کی ۔کشال پریرا اور دلکارتنے دلشان نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا تاہم دلشان تیسرے اوور میں 10 اور پریرا چوتھے اوور میں 19 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے، ڈی سلوا 14 رنز بنا کر آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ شہان جے سوریا 40 اور کپوگیدرا 48 رنز بنا کر نمایاں رہے اور سری وردنے نے آج بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری لمحات میں 23 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے 2 جب کہ سہیل تنویر، شاہد آفریدی ، انور علی اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور مختار احمد نے اننگز کا آغاز کیا جب کہ بیٹنگ لائن آج شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی مختار احمد 4، احمد شہزاد 7، محمد حفیظ 11 ، عمر اکمل 4 اور شعیب ملک 8 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تاہم کپتان شاہد آفریدی نے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 22 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

انور علی نے آخری لمحات میں 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 46 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی رینکنگ میں عالمی چیمپئن سری لنکا 130 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے‘آسٹریلیا 122 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے‘ بھارت 118 کے ساتھ تیسرے نمبرپرہے، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے یکساں 117 پوائنٹس ہیں، گرین شرٹس کی فتح 4 قیمتی پوائنٹس کے ساتھ بھارتی ٹیم کو پیچھے دھکیلنے کے لیے کافی ہوئے اور پاکستان نے میچ جیت کر قیمتی 4 پوائنٹس حاصل کر لئے اور یوں پاکستان نے 121 پوائنٹس کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی تیسری پوزیشن مستحکم کر لی جبکہ صدر ممنون حسین ‘ وزیر اعظم نواز شریف‘ شہباز شریف ‘ عمران خان کی قومی ٹیم کو تاریخی فتح پر مبارکباد دی ہے