خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اور یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام کے درمیان صنعت و تجارت کے شعبے کی ترقی اور اکنامک گروتھ کیلئے نجی شعبے کی شمولیت اور روابط کے فروغ پر اتفاق

ہفتہ 1 اگست 2015 18:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء)خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام کے مابین صوبہ خیبر پختونخوا میں صنعت و تجارت کے شعبے کی ترقی اور اکنامک گروتھ کیلئے نجی شعبے کی شمولیت اور روابط کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے جبکہ خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر مقصود پرویز اور نائب صدر حاجی اقبال خان آفریدی نے کہا ہے کہ یو این ڈی پی صوبائی معیشت کے استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرے اورانڈسٹریلائزیشن کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے سمیت صوبے میں روزگار کی فراہمی کیلئے خیبر پختونخوا چیمبر کے ساتھ مل کر خصوصی پراجیکٹس شروع کرے ۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں یو این ڈی پی کے پراونشل ہیڈ ایڈورڈریس (Edward Rees) نے گذشتہ روز خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر مقصود انور پرویز اور نائب صدر حاجی اقبال خان آفرید ی سے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈاکٹر محمد ایاز اوراعجاز خان ایڈووکیٹ بھی موجود تھے ۔ خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر مقصود انور پرویز اور نائب صدر حاجی اقبال خان آفریدی نے صوبے میں سماجی  فلاحی اور صنعت و تجارت کے شعبوں میں یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یو این ڈی پی صوبائی معیشت کے استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرے اورانڈسٹریلائزیشن کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے سمیت صوبے میں روزگار کی فراہمی کیلئے خیبر پختونخوا چیمبر کے ساتھ مل کر خصوصی پراجیکٹس شروع کرے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کی جانب سے صوبے میں سرمایہ کاری  انڈسٹریلائزیشن کے فروغ اور صنعت و تجارت سے متعلقہ شعبوں کی ترقی کے لئے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یو این ڈی پی خیبر پختونخوا چیمبر کے ساتھ مل کر ایسے پراجیکٹس تشکیل دے جس سے صوبے کی بزنس کمیونٹی مستفید ہو اور روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں۔

اس موقع پر خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام کے مابین صوبہ خیبر پختونخوا میں صنعت و تجارت کے شعبے کی ترقی اور اکنامک گروتھ کیلئے نجی شعبے کی شمولیت اور روابط کے فروغ پر اتفاق ہوا اور یو این ڈی پی کے پراونشل ہیڈ ایڈورڈ ریس نے ہر ممکن سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے یو این ڈی پی کے تحت دنیا بھر بالخصوص پاکستان اور خیبر پختونخوا میں شروع کئے گئے جاری منصوبوں  فنڈنگ اور پراجیکٹس سے متعلق تفصیلات بتائیں اور کہا کہ یو این ڈی پی خیبر پختونخوا کی معاشی ترقی کے لئے اپنا موثر کردار ادا کر تارہے گا۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا چیمبر کی جانب سے ایڈورڈ ریس کو چیمبر کی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔