قیمتی جان بچانا معالج کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے ٗ سیریس مریض کا بغیر پرچی علاج شروع کیا جائے ‘پرنسپل جنرل ہسپتال

ایمرجنسی وارڈ میں نرسیں سرخ جیکٹ ٗ پرچی کلرک اور ڈسپنسر نیلا اوور آل ٗ وارڈ بوائے سیاہ واسکٹ اور سینٹری ورکر پیلی جیکٹ پہنیں گے

ہفتہ 1 اگست 2015 18:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء)جنرل ہسپتال ایمرجنسی وارڈ میں نرسیں مریضوں کو ادویات ان کے بیڈز پر پہنچایا کریں گی ۔ ان کی معاونت کیلئے 24 گھنٹے نرسنگ طالبات بھی موجود ہونگی ۔اس بات کا فیصلہ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر خالد محمودنے شعبہ ایمرجنسی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم ایس ایل جی ایچ کیپٹن (ر) ڈاکٹر نیاز احمد ٗ ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر منور علی ٗ ڈاکٹر تنویر انور ٗ اور ڈاکٹر شاہد میوبھی موجود تھے ۔

پروفیسر خالد محمودنے کہا کہ شعبہ حادثات میں آنے والے مریضوں کی بڑی تعداد سیریس حالت میں ہوتی ہے ۔ قیمتی انسانی جان بچانا معالج کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے لہذا نازک حالت کے مریضوں کو پرچی بننے کا انتظار کیے بغیر فوری علاج شروع کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ مریضوں کی بہتر نگہداشت اور بروقت طبی امداد کیلئے ڈاکٹروں ٗ نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔

پروفیسر خالد محمودنے کہا کہ اس شعبہ میں تعینات تمام ملازمین کو یونیفارم فراہم کردی گئی ہے ۔ جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گی ۔ نرسنگ سٹاف سفید یونیفارم پر سرخ جیکٹ ٗ پرچی کلرک اور ڈسپنسر نیلا اوور آل ٗ وارڈ بوائے وائٹ شلوار قمیض پر بلیک واسکٹ اور سینٹری ورکر پیلی جیکٹ پہنیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایمرجنسی میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو ڈیڑھ گنا مشاہرہ دیتی ہے تاکہ ایمرجنسی میں انتظامات کو مثالی بنایا جا سکے ۔ پروفیسر خالد محمودنے واضح کہا کہ ہسپتال کے تمام ملازمین کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جارہا ہے ۔ فرائض میں غفلت کے مرتکب اور ڈسپلن کی پابندی نہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔